کراچی میں رینجرز کی کارروائی،ایم کیو ایم لندن کا ٹارگٹ کلر گرفتار کرلیا

متعدد کارروائیوں میں مختلف علاقوں سے آٹھ ملزمان گرفتار کیے، ملزمان سے اسلحہ اور منشیات بر آمد کی گئی،ترجمان رینجرز

جمعرات 12 جولائی 2018 23:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جولائی2018ء) پاکستان رینجرز نے شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ لندن کا ایک اہم ٹارگٹ کلر گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق جمعرات کوپاکستان رینجرز نے متعدد کارروائیوں میں مختلف علاقوں سے آٹھ ملزمان گرفتار کیے، ملزمان سے اسلحہ اور منشیات بر آمد کی گئی۔

ترجمان رینجرز نے کہا ہے کہ سعید آباد میں کارروائی کے دوران ایم کیو ایم لندن کے عسکری وِنگ کے ٹارگٹ کلر ریحان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان رینجرز کے مطابق سعید آباد کی کارروائی میں گینگ وار کا ایک کارندہ شاہ رخ بھی گرفتار ہوگیا ہے، مختلف علاقوں سے گرفتار شدہ ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔رینجرز کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گارڈن، شریف آباد، ڈیفنس اور عوامی کالونی سے بھی 6 ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں، جو کہ ڈکیتیوں، ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری میں ملوث ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان رینجرز کراچی میں بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے اب تک متعدد جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرچکی ہے، ملک میں انتخابات کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد خصوصی طور پر کارروائیوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔