نوازشریف اور مریم نواز کے استقبال کے موقع پر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہوئی تو کارروائی کی جائے گی، ترجمان الیکشن کمیشن

جمعہ 13 جولائی 2018 00:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جولائی2018ء) ترجمان الیکشن کمیشن الطاف احمد نے کہا ہے کہ میاں نوازشریف اور مریم نواز کے استقبال کے موقع پر الیکشن کمیشن یہ دیکھے گا کہ کہیں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی تو نہیں ہو رہی ، خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی کی جائے گی۔ جمعرات کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن کمیشن تمام معاملات کو دیکھے گا ، جو قانون کے مطابق ہوگا وہی ایکشن لیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ا لطاف احمد نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) احمد رضا خان اسے سے قبل چاروں وزرائے اعلیٰ کو لکھے گئے خط میں یہ واضح کر چکے ہیں کہ ہر سیاسی جماعت کو الیکشن کمپین کے برابر مواقع ملنے چاہیئں۔ ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ جب امیدواروں کو ہراساں کرنے کی باتیں سامنے آئیں تو چیف الیکشن کمشنر نے چیئرمین نیب کو وضاحت دینے کیلئے خط لکھا تھا جس کے جواب میں چیئرمین نیب نے واضح کیا تھا کہ قانون پر عمل درآمدا کیا جائے گا۔ ترجمان نے کہا کہ اگر کسی جماعت یا امیدوار کو کوئی شکایات ہیں تو الیکشن کمیشن کو ثبوت فراہم کرے ،ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کرایا جائے گا۔