Live Updates

کتاب منظر عام پر لانے کے بعد ریحام خان نے مخالفین کے لیے ایک اور خطرے کی گھنٹی بجا دی

جو کچھ کتاب میں لکھا ہے وہ عدالت میں ثابت کر سکتی ہوں، ریحام خان کی دوران انٹر ویو گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 13 جولائی 2018 11:20

کتاب منظر عام پر لانے کے بعد ریحام خان نے مخالفین کے لیے ایک اور خطرے ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13جولائی 2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے کہ وہ مکمل طور اپنی کتاب میں لکھے گئے واقعات کی سچائی کے متعلق مطمئن ہیں اور اللہ کو جواب دہ ہیں۔نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ریحام خان کا کہنا تھا کہ عدالت میں جا کر کہہ سکتی ہوں کہ سچ لکھا ہے۔اور یہ بات ذمہ داری سے کہہ رہی ہوں۔

ریحام خان نے کہا کہ جو باتیں میں نے لکھی ہیں ان کی پارٹی کے لوگ اور جو ٹی وی میں بیٹھ کر باتیں کررہے ہیں جانتے ہیں کہ یہ باتیں درست ہیں۔ریحام خان نے مزید کہا کہ مجھے اپنی پہلی طلاق کے موقع پر ہی اپنے بارے میں لکھ دینا چاہیے تھا، عمران خان کے ساتھ شادی ایک حادثہ تھی ، میرے دل میں عمران خان کے لئے کوئی انتقامی کارروائی نہیں ہے ، عمران خان سے شادی کے موقع پر میرے ذہن میں طلاق کا کوئی خیال نہیں تھا، دھرنے کے دوران میری اور عمران خان کے درمیان بات چیت بند ہوچکی تھی ، ہماری شادی کے وقت دھرنا فیل ہو چکا تھا، میری اور عمران خان کی شادی کا اعلان 8جنوری کو ہوا تھا ، میں نے بچوں کو غلط اور صحیح کا فرق سمجھایا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گناہ کرنا جرم ہے ، گناہ کی نشاندہی کرنا جرم نہیں ہے ، میں نے بری بات کی نشاندہی کی ہے ، کسی عورت کے غلط کام کی نشاندہی نہ کرنا کہاں کا انصاف ہے ۔ ریحام خان نے کہا کہ میں نے اپنی کتاب میں چند چیدہ چیدہ باتیں لکھی ہیں ، عمران خان سے بہت لوگ محبت کرتے ہیں ، میں نے کتاب میں سچ لکھا ہے اور میں اس کی ذمہ داری لیتی ہوں ، کیا نوازشریف نے عمران خان کی شادی کرائی ، کیا سیتا وائٹ کا مسئلہ نوازشریف نے پیدا کیا ، تحریک انصاف کے لوگ یہ تمام باتیں جانتے ہیں ، جتنا دیکھا ہے اس سے بہت کم بتایا ہے ، کتاب میں میں نے مہذب طریقے سے کچھ باتیں لکھی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اللہ تعالیٰ کو جواب دینا ہے ، میں نے یہ کتاب عمران خان کے فالورز کے لئے نہیں لکھی ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات