بھارت نے کشمیریوں کے خلاف ایک باقاعدہ جنگ چھیڑ رکھی ہے، حریت فورم، عوامی مجلس عمل

بھارتی فورسز کے اہلکار جواب دہی کے خوف سے بے نیاز ہو کر نہتے کشمیریوں کو گولیوں کا نشانہ بنا رہے ہیں

جمعہ 13 جولائی 2018 12:34

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم اور عوامی مجلس عمل نے بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوں کے قتل اور جبر و استبداد کی دیگر کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت نے حق پر مبنی جدوجد کی پاداش میں کشمیریوں کے خلاف ایک باقاعدہ جنگ چھیڑ رکھی ہے۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق حریت فورم اور عوامی مجلس عمل کے رہنمائوں اورکارکنوں کا ایک اہم اجلاس میرواعظ منزل راجوری کدل سرینگر پر منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت میر واعظ عمر فاروق نے کرنا تھی تاہم گھر میں نظر بندی کی وجہ سے وہ صدارت نہیں کر سکے۔اجلاس میں 13 جولائی 1931ء کے شہداء سمیت تمام شہدائے کشمیر کو شاندار خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے شہداء کے مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع کپواڑ کے علاقے ترہگام میں 22 سالہ نوجوان خالد غفار ملک کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیاکہ بھارتی فورسز کے اہلکار جواب دہی کے خوف سے بے نیاز ہو کر نہتے کشمیریوں کو گولیوں کا نشانہ بنا رہے ہیں اور ایک منظم منصوبے کے تحت ان کی نسل کشی کر رہے ہیں۔ اجلاس میں حال ہی میں شہید ہونے والے نوجوانوں کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا گیا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیںجائیں گی۔اجلاس کے شرکا نے میر واعظ عمر فاروق اور دیگر حریت رہنمائوں کی گھروں اور تھانوں میں نظر بندی کی شدید مذمت کی گئی۔