نواز شریف کی ابوظہبی سے لاہور آنے والی پرواز کی تاخیر کی وجہ سامنے آ گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 13 جولائی 2018 14:43

نواز شریف کی ابوظہبی سے لاہور آنے والی پرواز کی تاخیر کی وجہ سامنے آ ..
ابوظہبی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 جولائی 2018ء) : سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی ابوظہبی سے لاہور آنے والی پرواز تاخیر کا شکار ہوئی جس کی تاخیر کی ممکنہ وجہ بھی سامنے آ گئی ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ننجی ائیر لائن کی ابوظہبی سے لاہور آنے والی پرواز ای وائے 243 کے مسافر طیارے میں نواز شریف کی موجودگی پر پریشانی کا شکار تھے۔

طیارے کے دیگر مسافروں نے نواز شریف کے ساتھ لاہور جانے سے انکار کر دیا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق مسافروں کو بخوبی علم ہو گا کہ نواز شریف کے طیارے کے ساتھ لاہور ائیر پورٹ پر لینڈ ہوتے ہی کیا ہونے والا ہے لہٰذا انہوں نے خود کو اس مشکل میں پھنسنے سے بچانے کے لیے اس پرواز میں سوار ہونے سے ہی انکار کر دیا ہے۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق بنکاک سے آنے والے مسافروں کی پروازتاخیر کا شکار ہو گئی ہے جس کی وجہ سے ابوظہبی سے لاہور آنے والی پرواز بھی تاخیر کا شکار ہوئی۔

(جاری ہے)

نواز شریف اور مریم نواز نے لاہور آنے والی پرواز تاخیر کا شکار ہونے کی وجہ سے متعلق متضاد اطلاعات ہیں۔ البتہ پرواز 2 گھنٹے تاخیر کا شکار ہونے کی وجہ سے اب 6 بجکر 15 منٹ کی بجائے 8 بجکر 15 منٹ پر لاہور ائیر پورٹ پر لینڈ کرے گی۔ واضح رہے کہ نواز شریف اور مریم نواز کی وطن واپسی پر جہاں سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں وہیں نیب نے بھی مجرموں کی گرفتاری کے لیے حکمت عملی مرتب کر لی ہے۔

نیب کی ٹیم لاہور ائیر پورٹ پرلینڈ ہوتے ہی نواز شریف اور مریم نواز کے پاسپورٹ بھی ضبط کرے گی۔ واضح رہےکہ نیب کی جانب سے پاکستان واپسی پر سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو ائیرپورٹ سے ہی گرفتار کرنے کے لیے وزارت دفاع سے اجازت طلب کی گئی تھی جسے وزارت دفاع نےمنظور کر لیا ۔ وزارت دفاع نے نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری کیلئے نیب کی ٹیم کو جہاز کے ایپرن تک رسائی کی اجازت دے دی ۔ سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی لاہور ائیرپورٹ آمد ہو گی۔ اس موقع پر لاہور ائیرپورٹ اور اس کے گرد و نواح میں دفعہ 144 نافذ ہوگی۔