Live Updates

ضابطہ اخلاق کی بعض خلاف ورزیوں کے مرتکب مختلف سیاسی جماعتوں و آزاد امیدواروں کے کیسوں کی سماعت

جمعہ 13 جولائی 2018 15:47

فیصل آباد۔12 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2018ء) ڈپٹی کمشنر /ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر برائے جنرل الیکشن 2018 سید احمد فواد نے انتخابی مہم کے ضابطہ اخلاق کی بعض خلاف ورزیوں کے مرتکب مختلف سیاسی جماعتوں و آزاد امیدواروں کے موقف کی سماعت کرتے ہوئے حلقہ این اے 103 سے پی ٹی آئی کے امیدوار سعد الله بلوچ کو 25 ہزار روپے جرمانہ کیا جبکہ این اے 102 سے امیدوار طلال بدر چوہدری‘ حلقہ پی پی 107 سے امیدوار رائے ندیم حیات ‘ پی پی 108 سے امیدوار رانا آفتاب احمد ‘ پی پی 107 سے امیدوار شفیق گجر ‘ پی پی 97 سے امیدوار علی افضل ساہی ‘ پی پی 98 سے امیدوار افضل ساہی ‘ پی پی 107 سے آزاد امیدوار رانا شوکت علی ‘ پی پی 103 سے امیدوار مدثر احمد شاہ اور پی پی 104 سے امیدوار شاہد خلیل نور کو آئندہ محتاط رہنے کی یقین دہانی پر وارننگ دی ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے انتخابی امیدواروں سے کہا کہ وہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کی سختی سے پابندی کریں کیونکہ مانیٹرنگ افسران سمیت قانون نافذ کرنے والے مختلف ادارے انتخابی مہم کی تسلسل کے ساتھ نگرانی کر رہے ہیں جن کی رپورٹس کے مطابق امیدوار کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کرانے کے سلسلے میں مزید سخت اقدامات کئے جارہے ہیں اس ضمن میں خلاف ورزی کے مرتکب امیدواروں کے خلاف بلا امتیاز ایکشن لیا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وارننگ اورجرمانوں کے باوجود بار بار خلاف ورزی کرنے والے امیدواروں کے خلاف مزید کارروائی کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو تحریر کیا جائے گا ۔؂
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات