سپریم کورٹ کا خیبرپختونخواہ کے پرائیوٹ سکولز کو گرمیوں کی چھٹیوں میں پچاس فیصد فیس لینے سے روکنے کا حکم برقرار ‘

فریقین کو ہائیکورٹ میں ترمیم شدہ درخواست دائر کرنے کی ہدایت

جمعہ 13 جولائی 2018 15:54

سپریم کورٹ کا خیبرپختونخواہ کے پرائیوٹ سکولز کو گرمیوں کی چھٹیوں میں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2018ء) سپریم کورٹ نے خیبرپختونخواہ کے پرائیوٹ سکولز کو گرمیوں کی چھٹیوں میں پچاس فیصد فیس لینے سے روکنے کا حکم برقرار رکھتے ہوئے فریقین کو ہائیکورٹ میں ترمیم شدہ درخواست دائر کرنے کی ہدایت کردی ہے اور ہائیکورٹ کو حکم دیا ہے کہ نئی درخواست دائر ہونے پر اس کا 6 ہفتوں میں فیصلہ سنایا جائے ۔

جمعرات کوچیف جسٹس کی سربراہی میں دورکنی بنچ نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ اس معاملے میں عدالت عظمیٰ میں انسانی حقوق کے آرٹیکل 184/3کے تحت نئی درخواست بھی دائر کی جائے ، عدالت نے قرار دیا کہ ہائی کورٹ کے پاس سوموٹو کا اختیار نہیں۔ہائیکورٹ نے قانون کی کس شق کے تحت پرائیوٹ سکولز کو 50 فیصد فیس وصولی کا حکم جاری کیا ہے ، ہائیکورٹ نے وہ فیصلہ دیا جو درخواست گزار نے مانگا ہی نہیں تھا، چیف جسٹس نے خیپرپختونخواکی نگراں حکومت کوہدایت کی کہ چھٹیوں میں پچاس فیصد فیس وصولی کے فیصلے کا دفاع کیا جائے اوراس معاملے میں پچاس فیصد فیس وصولی کا قانون بنا یا جائے ، جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ نے اپنے دائرہ اختیار سے تجاوز کیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پشاور ہائی کورٹ نے پرائیوٹ سکولز کو چھٹیوں میں پچاس فیصد فیس وصولی کا حکم دیا تھا۔ جبکہ اس حوالے سے نئے ریگو لیشن کو کے پی کے بار نے پشاور ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا جس کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا گیا تھا۔