لاہور کے مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رہی

پی ٹی اے نے درخواست میں دئیے گئے وقت تین بجے سے دو گھنٹے قبل ہی سروس معطل کر دی

جمعہ 13 جولائی 2018 16:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2018ء) وزارت داخلہ کی ہدایت پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے صوبائی دارالحکومت لاہور کے کئی علاقوں میں موبائل فون سروس معطل رکھی ،انٹر نیٹ سروس میں تعطل کی بھی شکایات سامنے آتی رہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی وطن واپسی کے موقع پر استقبالیہ ریلی کی وجہ سے امن و امان کے خدشات کے پیش نظر وزارت داخلہ کولاہور کے پانچ مقامات لاہور ائیر پورٹ، والڈ سٹی ،شاہدرہ، برکی/ہڈیارہ اور نواب ٹائون کے علاقوں میں تین بجے سے رات گیارہ بجے تک موبائل فون سروس معطل کرنے کی درخواست دی گئی تھی ۔

تاہم پی ٹی اے کی جانب سے دو گھنٹے قبل ہی دوپہر ایک بجے مخصوص علاقوں کی بجائے دیگر علاقوں میں بھی موبائل فون سروس کو معطل کر دیا گیا جس سے شہریوں کو ایک دوسرے سے رابطہ کرنے میں انتہائی مشکلات کا سامنا رہا ۔کئی علاقوں میں انٹر نیٹ سروس میں تعطل کی شکایات بھی سامنے آتی رہیں۔