ٹمبر مارکیٹ،لیاری لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ ہوگئی، کے الیکٹرک

جمعہ 13 جولائی 2018 16:42

ٹمبر مارکیٹ،لیاری لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ ہوگئی، کے الیکٹرک
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2018ء) کے الیکٹرک نے لیاری کے علاقے ٹمبر مارکیٹ کو لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دے دیا ہے۔کے الیکٹر ک کے اس اقدام سے لیاری کے علاقے میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ تجارتی حلقے کوبھی فوائد حاصل ہوں گے جس سے رہائشی صارفین کے معیار زندگی پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔شہر کے اہم تجارتی علاقوں ، مثلاً لیاری ٹمبر مارکیٹ، لانڈھی بابر مارکیٹ، صدر کوآپریٹو مارکیٹ، شو مارکیٹ اور بولٹن مارکیٹ میں انفرااسٹرکچر کی بہتری کے باعث بجلی کی فراہمی بہت بہتر ہوئی ہے، جس سے تجارتی اور کاروباری اداروں پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔

کے الیکٹرک میں ڈسٹری بیوشن کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر- آصف سعد کا ان اقدامات کے حوالے سے کہنا ہے ،’’ لیاری کے صارفین سے ایسی شاندار پزیرائی ملنے پر، کے الیکٹرک کی بے حد حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ہم ایسے متوسط طبقات اور دیگر علاقوں میں بجلی کی ضروریات کو پورا کرنے کا عزم رکھتے ہیں۔اس طرح ہمارے عملے کو یہ تحریک بھی ملے گی کہ دیگر علاقوں میں بھی"اجالا" مہم کو بھرپور طریقے سے کامیاب بنایاجائے اور ایریل بنڈلڈ کیبلز کی تنصیب کے ذریعے نقصان ، چوری اور لوڈ شیڈنگ میں نمایاں کمی کی جائے۔

کے الیکٹرک کے ترجمان کے مطابق،’’کے الیکٹرک کی ’اجالا‘ مہم کے حصے کے طور پر پورے کراچی میں مختلف سطحوں پر انفرااسٹرکچر کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے جس میں ایریل بنڈلڈ کیبل اور متعدد علاقوں میں پی ایم ٹیز کی تنصیب بھی شامل ہے تاکہ بجلی کی فراہمی کو مزید قابل بھروسہ بنا کر شہر میں تجارتی سرگرمیوں میں مزید تیزی کو یقینی بنایا جا سکے۔

اب تک 240 سے زائد کمیونٹیز کے تعاون سے شہر بھر میں 5,500 سے زائد پی ایم ٹیز کو ایئریل بنڈلڈ کیبلز پر منتقل کیا جا چکا ہے، جس سے 30 لاکھ سے زائد افراد کی زندگی پر مثبت اثرات ہوئے ہیں۔اب صدر، لائنز ایریا، لیاقت آباد، گزدرآباد، رحمت چوک، الطاف ٹاؤن اور کیماڑی کے علاقوں سے بھی بجلی چوری کا خاتمہ ہو گیا ہے۔ایسے علاقے جہاں اس سے قبل کنڈوں کی بہتات بہت زیادہ تھی وہاں فالٹس کا تناسب بھی بہت کم ہو گیا ہے۔