انتظامیہ نے نوازشریف کی والدہ بیگم شمیم کونظربندکردیا

نوازشریف کی والدہ نے اپنے بیٹے کا ایئرپورٹ پراستقبال کرنے کا اعلان کررکھا تھا۔میڈیا رپورٹس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 13 جولائی 2018 16:08

انتظامیہ نے نوازشریف کی والدہ بیگم شمیم کونظربندکردیا
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 جولائی 2018ء) : نگراں حکومت پنجاب نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی والدہ بیگم شمیم کونظربند کردیا ہے،نوازشریف کی والدہ نے اپنے بیٹے کا ایئرپورٹ پراستقبال کرنے کا اعلان کیا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق احتساب عدالت سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی وطن واپسی کے ساتھ ہی ن لیگی کارکنان کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ تیز کردیا ہے۔

ایئرپورٹ کی جانب جانے والے راستوں کوکنٹینرز کھڑے کرکے سیل کردیا گیا ہے۔اس کے ساتھ انتظامیہ اور پولیس نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی والدہ کوبھی نظر بند کردیا ہے۔نوازشریف کی والدہ بیگم شمیم نے اپنے کا استقبا ل کرنے کا اعلان کررکھا تھا۔انہوں ں ے گزشتہ روز اپنے پیغام میں کہا تھا کہ پاکستان کا بیٹا میرا بیٹاکل اپنے وطن جس کواس نے روشن بنایا ہے ۔

(جاری ہے)

وہ کل وطن واپس آرہا ہے۔تاکہ میں پھر سے اس کاماتھا چوم سکوں۔انہوں نے کہا کہ میرے بیٹے نوازشریف ، مریم نواز اور کیپٹن ر صفدر کیخلاف ناحق فیصلہ آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ان تینوں کوجیل نہیں جانے دوں گی۔ اگر ان جیل بھیجا گیا تومیں بھی ساتھ جیل جاؤں گی۔میرا ایمان ہے کہ تینوں بے گناہ ہیں۔اللہ تعالیٰ ان کی حفاظت کرے گا۔ظالموں کواللہ کی پکڑ اور خوف سے ڈرنا چاہیے۔

شمیم بیگم نے کہا کہ عدالت نے خود فیصلے میں لکھا ہے کہ کرپشن ثاب نہیں ہوئی۔توپھرمیرے بچوں کو سزا اس بات کی دی جارہی ہے۔میرے بچوں کوصرف ووٹ کوعزت دوکا نعرہ لگانے اور ملک سے وفاداری کی سزا دی جارہی ہے۔احتساب عدالت سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی بیٹی مریم نوازلندن سے لاہور آرہے ہیں۔ان کی پرواز ابوظہبی میں پہنچ گئی تاہم کچھ دیر وہاں قیام کے بعد طیارہ پاکستان کیلئے روانہ ہوگا۔

نیب نے ایئرپورٹ پرگرفتار کرنے کی تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔دوسری جانب نگراں وزیرداخلہ پنجاب شوکت جاوید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نگراں حکومت غیرجانبدار ہے کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں ہے۔ن لیگ کی قیادت کونظربند کیا نہ ہی ایسا کوئی پلان ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ریلی کیلئے اجازت نہیں لی۔ ریلی روکنے کیلئے وہی اقدامات کیے جوحکومتیں کرتی ہیں۔

کوئی بھی حکومت ہووہ ایسے ہی انتظامات کرتی ہے۔وزیرداخلہ پنجاب نے کہا کہ کسی بھی ریلی کوایئرپورٹ کی جانب جانے کی اجازت نہیں ہے۔ایئرپورٹ ایریاوفاقی اداروں کے کنٹرول میں ہے۔لاہور ایئرپورٹ پرباڑ لگی ہے اس کوکراس نہ کیا جائے۔ہم یقین دلاتے ہیں ہم بالکل غیرجانبدار ہیں۔انہوں نے کہا کہ غیرمعمولی صورتحال سے دشمن فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔موبائل فون سروس دہشتگردی خطرات کے تناظر میں بند کی ہے۔شوکت جاوید نے مزید کہا کہ انتظامیہ مسلم لیگ ن کی لیڈرشپ کے ساتھ رابطے میں ہے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور مریم نواز کی گرفتاری نیب کی ذمہ داری ہے۔