مسلم لیگ (ن) آئندہ عام انتخابات میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز شریف کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

جمعہ 13 جولائی 2018 16:55

مسلم لیگ (ن) آئندہ عام انتخابات میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر بھاری ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ان کی جماعت آئندہ عام انتخابات میں اپنی کارکردگی کی بنیاد پر بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنی گزشتہ دور حکومت کے دور میں ملک بھر میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت آج 13 جولائی کو لاہور ائیرپورٹ پر اپنے محبوب قائد کا والہانہ استقبال کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ عدالت کے فیصلے میں یہ لکھا گیا ہے کہ محمد نواز شریف کے خلاف کسی قسم کی کوئی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف اپنی بیٹی کے ہمراہ پاکستان اپنی ذات کے لیے نہیں بلکہ عوام کے لیے آ رہے ہیں۔

(جاری ہے)

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ محمد نواز شریف لوگوں کے دلوں میں رہتے ہیں جہاں سے انہیں کوئی نہیں نکال سکتا، محمد نواز شریف ائیرپورٹ سے رائے ونڈ نہیں بلکہ جیل جائیں گے جو سابق وزیراعظم کا ایک دلیرانہ فیصلہ ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنے گزشتہ دور حکومت میں لوڈ شیڈنگ سمیت دہشت گردی کا خاتمہ کیا جو بہت بڑی کامیابیاں ہیں۔