Live Updates

راوی پُل پر لیگی کارکنان اور پولیس میں تصادم ، حالات کشیدہ ہو گئے

لیگی کارکنان سڑکوں سے کنٹینرز اور رکاوٹیں ہٹانے کے لیے کرین کی مدد لینے لگے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 13 جولائی 2018 17:04

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13 جولائی 2018ء) : مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور مریم نواز کی آمد میں کچھ ہی وقت باقی ہے۔ نواز شریف اور مریم نواز کا لاہور ائیر پورٹ پر استقبال کرنے کے لیے پنجاب بھر سے ن لیگی رہنماؤں کی قیادت نے لیگی کارکنان نے ائیر پورٹ کا رُخ کر لیا ہے ، مسلم لیگ ن کے صدرشہباز شریف اور دیگر سینئیر رہنما بھی اپنی اپنی ریلیوں کی قیادت کر رہے ہیں۔

سکیورٹی خدشات کے پیش نظر لاہور کی مختلف شاہراہوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے جبکہ لاہور تا اسلام آباد موٹروے اور جی ٹی روڈ کو بھی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ راوی پُل پر رکاوٹیں عبور کرنے کے معاملے پر مسلم لیگ ن کے کارکنان اور پولیس اہلکاروں میں تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد دونوں جانب سے پتھراؤ کیا گیا۔

(جاری ہے)

کارکنان اور پولیس کے مابین تصادم سے حالات مزید کشیدہ ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

جبکہ دوسری جانب لاہور کی مختلف شاہراہوں پر لائے گئے کنٹینرز ہٹانے کے لیے مسلم لیگ ن کے کارکنان نے کرینوں کی مدد حاصل کرنا شروع کر دی ہے۔ کرین کی مدد سے شاہراہوں پر موجود کنٹینرز کو ہٹایا جارہا ہے۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف بھی اپنی ریلی کی قیادت کر رہے ہیں، گاڑی میں بیٹھنے کے بعد شہباز شریف اور ان کے قافے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔

پارٹی صدر کی قیادت میں مسلم لیگ ن کا قافلہ لاہور ائیر پورٹ کی جانب روانہ ہو گیا ہے۔ کارکنان موٹرسائیکلوں، گاڑیوں اور بسوں پر سوار ہو کر قائد کے حق میں ''شیر، شیر'' کے نعرے لگا رہے ہیں۔ دوسری جانب شہر بھر میں سکیورٹی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی اہلکاروں کی مزید نفری طلب کر لی گئی ہے جبکہ ائیر پورٹ کا کنٹرول رینجرز نے سنبھال رکھا ہے۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات