الیکشن کمیشن نے پر امن انتخابات کے لیے دو کالے بکروں کا صدقہ دے دیا

حالیہ ملکی صورتحال کے باعث دو کالے بکروں کا صدقہ دیا گیا ہے، میڈیا رپورٹس

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 13 جولائی 2018 17:27

الیکشن کمیشن نے پر امن انتخابات کے لیے دو کالے بکروں کا صدقہ دے دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13 جولائی 2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پر امن انتخابات کے انعقاد کے لیے دو کالے بکروں کا صدقہ دے دیا۔تفصیلات کے مطابق آج سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز لاہور آ رہے ہیں۔مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور مریم نواز کی آمد میں کچھ ہی وقت باقی ہے۔ نواز شریف اور مریم نواز کا لاہورائیر پورٹ پر استقبال کرنے کے لیے پنجاب بھر سے ن لیگی رہنماؤں کی قیادت نے لیگی کارکنان نے ائیر پورٹ کا رُخ کر لیا ہے ، مسلم لیگ ن کے صدرشہباز شریف اور دیگر سینئیر رہنما بھی اپنی اپنی ریلیوں کی قیادت کر رہے ہیں۔

سکیورٹی خدشات کے پیش نظر لاہور کی مختلف شاہراہوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے جبکہ لاہور تا اسلام آباد موٹروے اور جی ٹی روڈ کو بھی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

راوی پُل پر رکاوٹیں عبور کرنے کے معاملے پر مسلم لیگ ن کے کارکنان اور پولیس اہلکاروں میں بھی تلخ کلامیوں کا سلسلہ جاری ہے۔جب کہ دوسری طرف اہم سیاسی رہنماؤں کو دہشت گردی کا نشانہ بنایا گیا۔

کچھ روز قبل اے این پی کے رہنما ہارون بلور کو خود کش حملے میں شہید کیا گیا اس کے بعد بنوں میں جے یو آئی ایف کے رہنما اکرم درانی کے قافلے پر بھی بم حملہ کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ بی اے پی رہنماء سراج رئیسانی کے انتخابی قافلے پرحملہ کیا گیا ہے۔اس تمام صورتحال کے پیش نظر خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملکی حالات خراب ہو رہے ہیں جب کہ انتشار پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے جس کے باعث انتخابی مہم متاثر ہونےکا بھی خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے تاہم الیکشن کمیشن نے بھی ان حالات سے بچنے کا ایک حل نکالا ہے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پر امن انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے دو کالے بکرے منگوا لیے ہیں،الیکشن کمیشن کی گاڑی میں 2کالے بکرے لائے گئے ہیں۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ صورتحال کے باعث دو کالے بکروں کا صدقہ دیا جائےگا۔