ایس ای سی پی کی کمپنیوں کو دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ میں عطیات دینے کی ہدایت

سرکلر میں ڈیموں کی تعمیر کے لئے سپریم کورٹ کی جانب سے فنڈ قائم کرنے کے اقدام کو سراہا گیا

جمعہ 13 جولائی 2018 18:17

ایس ای سی پی کی کمپنیوں کو دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ میں عطیات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جولائی2018ء) سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن آف پاکستان نے تمام رجسٹرڈ کمپنیوں کو کارپوریٹ سوشل ریسپانسی بلٹی کے تحت دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ میں عطیات دینے کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ ایس ای سی پی کی جانب سے جاری کردہ سرکلر میں ڈیموں کی تعمیر کے لئے سپریم کورٹ کی جانب سے فنڈ قائم کرنے کے اقدام کو سراہا گیا ہے اور کمپنیوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اس قومی معاملے میں سوشل کارپوریٹ ریسپانسی بلٹی کے تحت بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

(جاری ہے)

ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ کمپنیوں کی جانب سے ڈیم کی تعمیر میں شمولیت ملک کو درپیش پانی کے بحران کے حل میں معاون ہو گا۔ ان ڈیموں کی تعمیر نہ صرف آنے والے سالوں میں پانی کی ضرورت پوری کرے گی بلکہ اس طرح ملک میں کاروباری سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہو گا جو کارپوریٹ سیکٹر کی ترقی و فروغ کا باعث ہوں گی۔ فنانس ڈویژن پہلے ہی ڈیموں کی تعمیر کے لئے عطیات جمع کروانے کے لئیدیامیر بھاشا اور مہمند ڈیم فنڈ قائم کر چکا ہے جس کا اکاؤنٹ نمبر .03-593-299999-001-4 اور IBN No.PK06SBPP0035932999990014 ہے۔ ڈیموں کی تعمیر کے لئے اس اکاؤنٹ میں فنڈز و عطیات جمع کروائے جا سکتے ہیں۔