امریکی کانگریس الاخوان المسلمین تنظیم کو دہشت گرد تنظیم قرار دلوانے کے لئے بر سر پیکار

جمعہ 13 جولائی 2018 18:17

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جولائی2018ء) امریکی کانگریس کے ارکان ایک مرتبہ پھر الاخوان المسلمین تنظیم کو امریکی قوانین کے مطابق دہشت گرد تنظیم قرار دلوانے کے لئے کوشاں ہیں۔ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی کانگریس کے ارکان ایک مرتبہ پھر الاخوان المسلمین تنظیم کو امریکی قوانین کے مطابق دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے لیے حرکت میں آ گئے ہیں۔

قومی سلامتی کی ذیلی پارلیمانی کمیٹی نے ریپبلکنز اور ڈیموکریٹس کے درمیان واضح انقسام کے بیچ اس تجویز پر بحث کی۔مذکورہ کمیٹی کے سربراہ راس ڈیسانٹس کے مطابق الاخوان المسلمین تنظیم کی شاخیں 70 ملکوں میں موجود ہیں جن میں ایسی تنظیمیں بھی ہیں جن کو دہشت گرد قرار دیا جا چکا ہے۔ڈیسانٹس نے سابق صدر باراک اوباما کی پالیسی ترک کر دینے پر ٹرمپ انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

اوباما انتظامیہ نے الاخوان کے ساتھ اس طرح کا معاملہ کیا تھا کہ گویا وہ ایک ممکنہ حلیف ہو۔امریکی وزارت خزانہ اکتوبر 2017 میں ایرانی پاسداران انقلاب کو ایک دہشت گرد تنظیم کا درجہ دے چکی ہے۔ اس کے نتیجے میں پاسداران اور اس کے ساتھ کام کرنے والوں پر پابندیوں کا دروزاہ کھل گیا۔ تاہم وزارت خارجہ کے ذریعے تنظیموں کو دہشت گرد قرار دیے جانے کی صورت میں ان تنظیموں اور ان کے ساتھ معاملہ بندی کرنے والوں کو زیادہ سخت سے قوانین اور پابندیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ان تنظیموں کی براہ راست یا بالواسطہ مدد کرنے والوں کو دہشت گرد تنظیم کو مادی سپورٹ فراہم کرنے کے الزام میں فوجداری عدالتی کارروائی کا سامنا ہوتا ہے۔