راستہ روکا گیا توہمیں کوئی کنٹرول نہیں کرسکے گا،شہبازشریف

صدرن لیگ کی قیادت میں پارٹی کارکنوں کاقافلہ ایئرپورٹ کی جانب رواں دواں،راستے میں شہبازشریف پرپھول نچھاور،موٹرسائیکلوں اور بسوں پرسوار کارکنان شیر شیر کے نعرے لگا رہے ہیں، ہرصورت ایئرپورٹ پہنچیں گے، کوئی راستہ نہیں روک سکتا۔صدرن لیگ شہبازشریف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 13 جولائی 2018 17:49

راستہ روکا گیا توہمیں کوئی کنٹرول نہیں کرسکے گا،شہبازشریف
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 جولائی 2018ء) : صوبائی دارلحکومت لوہاری گیٹ سے ن لیگی قافلے سابق وزیراعظم نوازشریف کاا ستقبال کرنے کیلئے لاہور ایئرپورٹ کی جانب چل پڑے ہیں،قافلے کی قیادت صدر ن لیگ شہبازشریف کررہے ہیں،شہبازشریف کے لوہاری گیٹ پہنچنے پرکارکنوں نے پھول نچھاور کیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق احتساب عدالت میں ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف اور ن کی صاحبزادی نیب کوگرفتاری دینے کیلئے آج لندن سے لاہور واپس آرہے ہیں۔

نوازشریف کے استقبال کیلئے ن لیگی کارکنان کے قافلے پنجاب بھر سے لاہور کی جانب رواں دواں ہیں۔اطلاعات ہیں کہ متعدد مقامات پرکارکنان کوروک لیا گیا ہے ۔گزشتہ کچھ دنوں سے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

(جاری ہے)

ن لیگ کے سینکڑوں عہدیدران اور کارکنان کوگرفتار کرلیا گیا ہے۔لاہور کے داخلی و خارجی راستوں کوکنٹینرزلگا کربند کردیا گیا ہے۔

تاہم اس کے باوجود ن لیگی کارکنان نوازشریف کے استقبال کرنے کا عزم لیے ہوئے ہیں۔مسلم لیگ ن کا قافلہ پارٹی صدرشہبازشریف کی قیادت میں لاہور ایئرپورٹ کی جانب رواں دواں ہے۔کارکن کاروں ، موٹرسائیکلوں اور بسوں پرسوار ہیں۔ن لیگی کارکنان شیر شیر کے نعرے لگا رہے ہیں۔دوسری جانب راوی پل پرپولیس اور ن لیگی کارکنان میں تصادم ہوگیا۔پولیس نے کارکنان کوروکنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ کی اور لاٹھی چارج بھی کیا۔

جبکہ اس کے ردعمل میں لیگی کارکنان نے بھی پولیس پرپتھراؤکیا۔صدر ن لیگ شہبازشریف نے نجی ٹی وی کوبتایا کہ راستہ روکا گیا توہمیں کوئی کنٹرول نہیں کرسکے گا۔جس راستے سے اللہ لے جائے گا چلے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ ہمارا راستہ کوئی نہیں روک سکتا۔ہرصورت ایئرپورٹ پہنچیں گے۔مزید برآں آئی جی پنجاب کلیم امام نے تمام سیاسی کارکنان کورہا کرنے کاحکم دے دیا ہے۔

آئی جی پولیس کے حکم کے ساتھ ہی سیاسی کارکنان کی رہائی کاعمل شروع کردیا گیا ہے۔اسی طرح نگراں وزیرداخلہ پنجاب شوکت جاوید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ نگراں حکومت غیرجانبدار ہے کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں ہے۔ن لیگ کی قیادت کونظربند کیا نہ ہی ایسا کوئی پلان ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ریلی کیلئے اجازت نہیں لی۔ ریلی روکنے کیلئے وہی اقدامات کیے جوحکومتیں کرتی ہیں۔

کوئی بھی حکومت ہووہ ایسے ہی انتظامات کرتی ہے۔وزیرداخلہ پنجاب نے کہا کہ کسی بھی ریلی کوایئرپورٹ کی جانب جانے کی اجازت نہیں ہے۔ایئرپورٹ ایریاوفاقی اداروں کے کنٹرول میں ہے۔لاہور ایئرپورٹ پرباڑ لگی ہے اس کوکراس نہ کیا جائے۔ہم یقین دلاتے ہیں ہم بالکل غیرجانبدار ہیں۔انہوں نے کہا کہ غیرمعمولی صورتحال سے دشمن فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔موبائل فون سروس دہشتگردی خطرات کے تناظر میں بند کی ہے۔شوکت جاوید نے مزید کہا کہ انتظامیہ مسلم لیگ ن کی لیڈرشپ کے ساتھ رابطے میں ہے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور مریم نواز کی گرفتاری نیب کی ذمہ داری ہے۔