شیخ آفتاب احمد سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کے استقبال کیلئے لاہور پہنچ گئے

جمعہ 13 جولائی 2018 20:57

اٹک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جولائی2018ء) مسلم لیگ ( ن ) کے نامزد امیدوار حلقہ این اے 55 شیخ آفتاب احمد سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کے استقبال کیلئے لاہور پہنچ گئے اس موقع پر ان کے ہمراہ ضلعی صدر مسلم لیگ ( ن ) محمد سلیم شہزاد ، ضلعی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر میاں راشد مشتاق اور دیگر موجود تھے جبکہ ضلع اٹک کے دوسرے علاقوں سے بھی ہزاروں افراد نے مختلف ذرائع استعمال کر کے استقبال میں شرکت کی مسلم لیگ ( ن ) کے فرانس کے صدر سردار ظہور اقبال خان آف تاجہ بارا سمیت دیگر علاقوں کے امیدواران قومی و صوبائی اسمبلی نے بھی اپنے ساتھیوں کے ہمراہ لاہور ایئرپورٹ پہنچ کر اپنے قائد سے وفاداری کا ثبوت دیا لاہور ایئرپورٹ سے ٹیلیفونک بات چیت کرتے ہوئے امیدوار حلقہ این اے 55 شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ ملک بھر سے آئے ہوئے محب وطن کے افراد نے جمع غفیر نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کی سیاست پر محمد نواز شریف ہی کا حق ہے اور وہ ان کے علاوہ کسی کے کندھوں پر سوار ہونے والے کو قبول نہیںکریں گے انہوں نے حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دھماکے جمہوری عمل کو سبوتاژ نہیں کر سکتے محمد نواز شریف نے پاکستان کی سیاست کا رخ موڑ دیا ہے سزا کے بعد وطن واپسی نے ان کے سیاسی قدو کاٹھ میں بے پناہ اضافہ کر دیا ہے اور انہوں نے نہ صرف خود بلکہ اپنی بیٹی کیساتھ وطن آ کر گرفتاری دینے کا جو فیصلہ کیا ہے یہ بھی پاکستان کی تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا آج ثابت ہو گیا ہے کہ عوام صرف محمد نواز شریف کیساتھ ہے محمد نواز شریف نے قربانی کی جو تاریخ رقم کی ہے اس کی مثال ہمیشہ قائم رہے گی ۔