نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری میں معمولی تعطل پیدا ہونے کا امکان

نواز شریف اور مریم نواز کا طیارہ لاہور ائیرپورٹ پر لینڈ کر چکا، جہاز کے اندر ہی امیگریشن پراسس مکمل کرنے کے بعد گرفتاری عمل میں آئے گی

muhammad ali محمد علی جمعہ 13 جولائی 2018 21:09

نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری میں معمولی تعطل پیدا ہونے کا امکان
لاہور (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-13جولائی 2018ء) نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری میں معمولی تعطل پیدا ہونے کا امکان، نواز شریف اور مریم نواز کا طیارہ لاہور ائیرپورٹ پر لینڈ کر چکا، جہاز کے اندر ہی امیگریشن پراسس مکمل کرنے کے بعد گرفتاری عمل میں آئے گی۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز جمعہ کی شام کو ابوظہبی ائیرپورٹ سے پاکستان کے لیے روانہ ہو گئے تھے۔

مریم نواز اور نواز شریف خلیجی ائیرلائن اتحاد ائیرویز کی پرواز ای وائے 243 سے پاکستان آ رہے ہیں۔ طیارے کی 8بجے کے بعد لاہور لینڈ کرنا تھا۔ اب موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز کا طیارہ لاہور ائیرپورٹ پر لینڈ کر گیا ہے۔ خلیجی ائیرلائن کے طیارے کے پائلٹ نے پرواز کو کسی اور ائیرپورٹ پر اتارنے کی درخواست نہیں کی جس کے بعد طیارے کو حج ٹرمینل پر لینڈ کروایا گیا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ طیارے کا رخ اسلام آباد کی جانب موڑا جا سکتا ہے، تاہم اب طیارے کے پائلٹ نے پرواز کو کسی اور ائیرپورٹ پر اتارنے کی درخواست نہیں کی اور طیارے کو لاہور ائیرپورٹ پر لینڈ کروا دیا گیا۔ جبکہ اب موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری میں معمولی تعطل پیدا ہونے کا امکان ہے۔

جہاز کے اندر ہی امیگریشن پراسس مکمل کرنے کے بعد نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری عمل میں آئے گی۔ اس سے قبل سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف گزشتہ شب 12 بج کر 45 منٹ سے اتحاد ائیرویز کی پرواز ای وائے 18کے ذریعے ہیتھرو ائیرپورٹ سے روانہ ہوئے تھے ،انکا طیارہ آج صبح ابوظہبی ائیرپورٹ پر لینڈ کیا۔اس موقع پر سابق وزیر اعظم نواز شریف اور انکی صاحبزادی مریم نواز کو ابوظہبی میں 7 گھنٹے قیام کرنا تھا تاہم اتحاد ائیرویز کی پرواز تاخیر کا شکار ہونے کے باعث انہیں ابوظہبی ائیرپورٹ پر قیام بڑھانا پڑا۔

تازہ ترین خبر کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کچھ دیر پہلے ابوظہبی ائیرپورٹ سے پاکستان کے لیے روانہ ہوگئے۔ اس موقع پر انکی صاحبزادی مریم نواز بھی انکے ہمراہ تھیں۔ اس موقع پر قومی و بین الاقوامی میڈیا کے نمائندے بھی پرواز میں انکے ہمراہ تھے۔ دوسری جانب نیب کی جانب سے گرفتاری کیلئے تشکیل کردہ ٹیم لاہور ائیرپورٹ پہنچ چکی ہیں۔ ائیرپورٹ پر نواز شریف اور مریم نواز کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے کیلئے ہیلی کاپٹر بھی موجود ہیں۔ اس کے علاوہ رینجرز اور اے ایس ایف اہلکاروں نے ائیرپورٹ کی سیکورٹی بھی سنبھال رکھی ہے۔ جبکہ اڈیالہ جیل میں ہیلی پیڈ بھی تیار کر لیا گیا ہے۔