آئی جی سندھ کے پولیس کو الیکشن 2018ء کے سلسلے میں سیکورٹی حکمت عملی کو مزید ٹھوس اور غیر معمول بنانے کے احکامات

جمعہ 13 جولائی 2018 21:43

آئی جی سندھ کے پولیس کو الیکشن 2018ء کے سلسلے میں سیکورٹی حکمت عملی کو ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2018ء) آئی جی سندھ امجدجاوید سلیمی نے ملک کے دیگر صوبوں میں امن وامان کے موجودہ حالات کے تناظر میں سندھ پولیس کو الیکشن 2018ئ؁ کے سلسلے میں اختیار کردہ سیکیورٹی حکمت عملی اور لائحہ عمل کو مزید ٹھوس اور غیرمعمولی بنانے کے احکامات جاری کئے ہیں۔انہوں نے تمام ڈی آئی جیز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ انتخابی جلسوں ریلیوں کارنر میٹنگ اور اس ضمن میں منعقدہ مختلف مقامات پر عوامی اجتماعات کی سیکیورٹی مانیٹرنگ اور سپرویژن کا متعلقہ ایس ایس پیز کو ناصرف پابند بنایا جائے بلکہ اس حوالے سے باقاعدہ مکتوب کو بھی ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے ۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ ایس ایس پیز ضلعی لیول جبکہ ایس ڈی پی اوز ڈویژنل اور تھانہ ایس ایچ اوز عام انتخابات2018ئ؁ کے شفاف اور غیرجانبدارانہ انعقاد اور اس موقع پر حفاظتی انتظامات کی اہمیت اور ضرورت کو پیش نظر رکھ کر انتخابی امیدواران سے روابط کو مربوط بنائیں اور عوام الناس میں پولیس سے سیکیورٹی اقدامات میں تعاون کی بابت باقاعدہ شعور اجاگری مہم کے آغاز کو یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الیکشن ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو ہرسطح پر یقینی بناتے ہوئے انتخابی امیدواران سے تمام تر تعاون کی یقین دہانی لی جائے اور اس حوالے سے امیدواران کے جلسوں ،ریلیوں اور کارنر میٹنگز کے مواقعوں پر سیکیورٹی اقدامات کو عین ضابطہ اخلاق کی ترجیحات اور تقاضوں کو سامنے رکھ کر یقینی بنایا جائے ۔