انتخابات کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کی تمام تر ذمہ داری موجودہ نگراں حکومت پر عائد ہوتی ہے،سید مصطفی کمال

جمعہ 13 جولائی 2018 21:44

انتخابات کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کی تمام تر ذمہ داری موجودہ نگراں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2018ء) پاک سر زمین پارٹی کے چیئر مین سید مصطفی کمال نے بنوں میں سابق وزیر اعلیٰ اکرم خان درانی اور مستونگ میں سراج رئیسانی کے قافلے پر حملے کی شدید مذمت کی اور قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میںدونوں واقعات کی سخت مذمت کرتے ہوئے سید مصطفی کمال نے کہا کہ حالیہ پے در پے حملے انتخابات سبوتاژ کی سازش ہیں اورانتخابات سے قبل حالات خراب کر کے ملک دشمن عناصر پاکستان میں جمہوری عمل کے تسلسل کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔

انتخابات کیلئے سازگار ماحول فراہم کرنے کی تمام تر ذمہ داری موجودہ نگراں حکومت پر عائد ہوتی ہے کیوںکہ اب تک نگراں حکومت الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایت کے مطابق نامزد عوامی نمائندوں کو سیکیورٹی فراہم کرنے میں مکمل ناکام نظر آتی ہے۔

(جاری ہے)

سید مصطفی کمال نے نگراں حکومت اور الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ الیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں سمیت عوام کی حفاظت کیلئے ہرممکن اقدامات کیئے جائیں ۔

انہوںنے کہا کہ معصوم افراد کو آگ و خون میں نہلانے والے عناصر انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں ہیں۔ انہوں نے سابق وزیر اعلی اکرم خان درانی کے قافلے کے شہداء اور سراج رئیسانی سمیت انکے قافلے کے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیئے صبر جمیل کی دعا کی ۔انہوں نے صوبائی حکومتوں سے زخمیوں کے لیئے بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ بھی کیا۔