موسم کی خرابی کے باعث نواز شریف اور مریم نواز کو ہیلی کاپٹر کی بجائے نجی طیارے سے اسلام آباد لے جانے کا فیصلہ

دونوں مجرمان کو طیارے میں سوار کروا دیا گیا، جہاز کے اندر ہی امیگریشن پراسس مکمل کرنے کے بعد گرفتاری عمل میں آئی

muhammad ali محمد علی جمعہ 13 جولائی 2018 21:44

موسم کی خرابی کے باعث نواز شریف اور مریم نواز کو ہیلی کاپٹر کی بجائے ..
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 جولائی 2018ء) موسم کی خرابی کے باعث نواز شریف اور مریم نواز کو ہیلی کاپٹر کی بجائے نجی طیارے سے اسلام آباد لے جانے کا فیصلہ، دونوں مجرمان کو طیارے میں سوار کروا دیا گیا، جہاز کے اندر ہی امیگریشن پراسس مکمل کرنے کے بعد گرفتاری عمل میں آئی۔ تفصیلات کے مطابق اتحاد ائیروریز کے طیارے کو علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرلینڈ کرنے کے ساتھ ہی نیب ٹیم نے احتساب عدالت سے سزا یافتہ سابق وزیراعظم نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نوازکوگرفتارکرلیا، گرفتاری سے قبل امیگریشن کی تمام کاروائی مکمل کی گئی، تاہم موسم کی خرابی کے باعث نواز شریف اور مریم نواز کو ہیلی کاپٹر کی بجائے نجی طیارے سے اسلام آباد لے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دونوں مجرمان کو اسلام آباد لے جانے کیلئے طیارے میں سوار کروا دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

نواز شریف کو اڈیالہ جیل جبکہ مریم نواز کو سہالہ ریسٹ ہاوس منتقل کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ نوازشریف اور مریم نوازکواحتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں قید کی سزائیں سنارکھی ہیں،نوازشریف اپنی بیمار اہلیہ کلثوم نوازکے علاج کیلئے لندن میں مقیم تھے،سابق وزیراعظم نوازشریف اپنی بیٹی مریم نوازکے ہمراہ گرفتاری دینے کیلئے وطن پہنچے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایون فیلڈ ریفرنس میں سزایافتہ سابق وزیراعظم نوازشریف کا طیارہ لاہور ایئرپورٹ پرلینڈ کرگیا ہے۔ انتظامیہ نے نوازشریف کی لاہور آمداوراس تناظر میں ن لیگی کارکنان کے استقبال کے پیش نظر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں۔ایئرپورٹ کا کنٹرول رینجرز کے حوالے کردیا گیا تھا۔ جبکہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے چاروں اطراف پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی۔

ایئرپورٹ کی جانب جانے والے تمام راستوں کوکنٹینرزاور خاردارتاریں لگا کرسیل کیا گیا۔ جبکہ لاہور میں صبح 3بجے سے رات 11بجے تک موبائل فون سروس بھی معطل کردی گئی۔تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آسکے۔تاہم نوازشریف کی لندن سے براستہ ابوظہبی سے لاہور ایئرپورٹ آمد کے باعث نیب نے ان کی گرفتاری کیلئے انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔نیب کی 16رکنی ٹیم نوازشریف اور مریم نوازکی گرفتاری کیلئے لاہور ایئرپورٹ پرپہلے سے ہی موجود تھی۔

نیب ٹیم میں لیڈیز اہلکار اور میڈیکل ٹیم کے لوگ بھی شامل تھے۔تاہم نوازشریف کی اتحاد ایئرلائن فلائٹ ای وائی243 نے ڈیڑھ گھنٹہ تاخیر سے سوا 9بجے کے قریب لاہور ایئرپورٹ پرلینڈ کیا۔ طیارے میں نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز،ن لیگی رہنماء اور پاکستانی میڈیا سمیت بین الاقوامی میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔ طیارے کی لینڈنگ کے ساتھ ہی وہاں موجود ڈی جی نیب سلیم شہزاد اورنیب ٹیم نے ان کوگرفتارکرلیا۔

نیب حکام ان کوپہلے سے تیار ہیلی کاپٹرمیں اڈیالہ جیل کی جانب لے گئے۔ وزارت دفاع نے گرفتاری کیلئے نیب ٹیم کواپرن تک جانے کی اجازت دے رکھی تھی۔ واضح رہے احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کوایون فیلڈ ریفرنس میں سزایافتہ قراردیتے ہوئے 10سال ، ان کی صاحبزادی مریم نوازکو7سال اور ان کے داماد کیپٹن رصفدر کو1سال کی قید کی سزا سنا رکھی ہے۔

تاہم نیب نے کچھ روز قبل کیپٹن رصفدر کوگرفتار کرلیا تھا۔ دوسری جانب سابق وزیراعظم نوازشریف کے استقبال کیلئے ن لیگ نے بھرپور استقبال کرنے کا اعلان کیا۔ نوازشریف کے استقبال کیلئے ن لیگی کارکنان کے قافلے پنجاب بھر سے لاہور کی جانب رواں دواں ہیں۔اس کے ساتھ ہی پنجاب حکومت اور انتظامیہ متحر ک ہوگئی۔انتظامیہ اور پولیس نے متعدد مقامات پرکارکنان کوروک لیا گیا ہے ۔

گزشتہ کچھ دنوں سے کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ن لیگ کے سینکڑوں عہدیدران اور کارکنان کوگرفتار کیا گیا۔لاہور کے داخلی و خارجی راستوں کوکنٹینرزلگا کربند کردیا گیا ہے۔تاہم اس کے باوجود ن لیگی کارکنان نوازشریف کے استقبال کیلئے پرعزم رہے۔شہبازشریف کی قیادت میں پارٹی کارکنان نے ایئرپورٹ کی جانب ریلی نکالی۔ کاروں، موٹرسائیکلوں اور بسوں پرسوارن لیگی کارکنان شیر شیر کے نعرے لگا ئے۔

اسی طرح راوی پل پرپولیس اور ن لیگی کارکنان میں تصادم بھی ہوا۔پولیس نے کارکنان کوروکنے کیلئے آنسو گیس کی شیلنگ کی اور لاٹھی چارج بھی کیا۔جبکہ اس کے ردعمل میں لیگی کارکنان نے بھی پولیس پرپتھراؤکیا۔جس میں پولیس اور کارکنان زخمی بھی ہوئے۔ بعدازاں آئی جی پنجاب کلیم امام نے تمام سیاسی کارکنان کورہا کرنے کاحکم دے دیا ۔آئی جی پولیس کے حکم کے ساتھ ہی سیاسی کارکنان کی رہائی کاعمل شروع کردیا گیا ہے۔