پشاور، آفتاب احمد خان شیرپائو کا بنوں اور مستونگ میں ہونے والے بم دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت

دہشت گردی نے پورے ملک باالخصوص خیبر پختونخوا کے عوام کی جان و مال کو شدید نقصان پہنچایا ہے،مرکزی چیئرمین قومی وطن پارٹی

جمعہ 13 جولائی 2018 23:03

پشاور، آفتاب احمد خان شیرپائو کا بنوں اور مستونگ میں ہونے والے بم ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جولائی2018ء) قومی وطن پارٹی کے مرکزی چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے بنوں اور مستونگ میں ہونے والے بم دھماکوں کی شدید الفاظ میں مزمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی نے پورے ملک باالخصوص خیبر پختونخوا کے عوام کی جان و مال کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔انھوں نے دہشت گردی کے واقعہ میں جاں بحق ہونے والے نواب ذادہ سراج رائیسانی کی شہادت اور بنوں دھما کہ میں قیمتی جانوں کا ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بہت بڑا المیہ ہے جس کی جتنی بھی مزمت کی جائے کم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے حصارہ نہری چارسدہ میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔آفتاب شیرپائو نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات نے پورے ملک اور خیبر پختونخوا کے عوام کی زندگیوں میں بے یقینی کی کیفیت پیدا کی ہوئی ہے اور حکومت کو چاہیے کہ اس ناسور سے نمٹنے کیلئے بروقت اور موثر حکمت عملی اپنائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انتخابات کے موقع پر دہشت گردی کے پے درپے واقعات ملک میں جمہوری نظام کے تسلسل کیلئے پائیدار نہیں اور موجود صوبائی اورمرکزی نگران حکومتوں کو چاہئے کہ وہ سیاستدانوں اور سیاسی پارٹی کے ورکرز کی تخفظ کو یقینی بنائے کیونکہ اگر ملک میں امن امان کی فضاء سازگار نہیں ہوگی تو عوام کو بھر پور طریقہ سے انتخابات کے عمل میں شرکت کرنے کا موقع فراہم نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ نگران حکومتوں کو چائیے انتخابات کیلئے امن امان کی صورتحال پر توجہ دیں کیونکہ تاحال حکومت کی جانب سے سکیورٹی کے لئے بہتر انتظامات نظر نہیں آرہے ہیں ۔ انھوں نے دھماکوں میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افرادکے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جان بحق ہونے والوں کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔

انھوں نے حالیہ پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کو تحفظ فراہم کرے تاکہ وہ صحیح معنوں میں اور موثر طور پر اپنا پروگرام عوام کے سامنے پیش کر سکے۔انھوں نے کہا کہ پر امن ماحول ہی آنے والے انتخابات کو شفاف اور پائیدار بنانے کیلئے ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جاری مرکزی سطح پر جاری سیاسی ہلچل ملک اور جمہوری نظام کے تسلسل کی مفاد میں نہیں ۔

انھوں نے کہا کہ پختونوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے تحاشہ جانی اور مالی قربانیاں دی ہیں لیکن افسوس کی بات ہے کہ مرکزی سطح ان کی قربانیوں کو نظر انداز کیا گیا جس سے ان میں پائی جانے والی احساس محرومی کو مزید تقویت ملی ۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی پختونوں کی محرومیاں دور کرنے اور ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

انھوں نے کہا کہ پختونوں کو موجودہ وقت میں ایک دانشمند اور دوراندیش قیادت کی ضرورت ہے جو ان کو موجودہ مسائل سے نکال سکے۔انھوں نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ قومی وطن پارٹی ہر محاذ پر پختونوں کے تحفظ اور ان کے حقوق کے حصول کیلئے ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کرتی رہے گی اور ہر کھٹن حالات میں ان کے شانہ بشانہ رہے گی