نواز شریف کے ساتھ آنے والے لیگی کارکنان کو گرفتار کر لیا گیا

ائیرپورٹ سیکیورٹی فورس نے نواز شریف کی گرفتاری میں مزاحمت بننے والوں کو گرفتار کرلیا ہے

جمعہ 13 جولائی 2018 23:52

نواز شریف کے ساتھ آنے والے لیگی کارکنان کو گرفتار کر لیا گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جولائی2018ء) نواز شریف کے ساتھ آنے والے لیگی کارکنان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ائیرپورٹ سیکیورٹی فورس نے نواز شریف کی گرفتاری میں مزاحمت بننے والوں کو گرفتار کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز جمعہ کی شام کو ابوظہبی ائیرپورٹ سے پاکستان کے لیے روانہ ہو گئے تھے۔

مریم نواز اور نواز شریف خلیجی ائیرلائن اتحاد ائیرویز کی پرواز ای وائے 243 سے پاکستان آ رہے ہیں۔ طیارے کی 8بجے کے بعد لاہور لینڈ کرنا تھا۔ اب موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز کا طیارہ لاہور ائیرپورٹ پر لینڈ کر گیا ہے۔ خلیجی ائیرلائن کے طیارے کے پائلٹ نے پرواز کو کسی اور ائیرپورٹ پر اتارنے کی درخواست نہیں کی جس کے بعد طیارے کو حج ٹرمینل پر لینڈ کروایا گیا۔

(جاری ہے)

جس کے بعد نیب کی ٹیم طیارے کے پاس پہنچی اور سابق وزیر اعظم نواز شریف اور انکی صاحبزادی کو گرفتار کرنے کے لیے کاروائی کا آغاز کردیا گیا۔اس موقع پر مسلم لیگ ن کے کارکنان جہاز میں 100 کی تعداد میں موجود تھے جنہوں نے اس موقع پر نواز شریف کی گرفتاری میں مزاحمت کرنا شروع کردی۔جس کے بعدپولیس اور رینجرز کے اہلکار جہاز میں داخل ہو ئے جبکہ نیب کی ٹیم بھی وارنٹ گرفتاری لے کر جہاز میں پہنچ گئی ہے۔

اس موقع پر لیڈی پولیس اہلکار بھء موقع پر موجود تھیں۔رینجرز اہلکار نے باقی مسافروں کو جہاز سے اترنے کی ہدایت کی۔تاہم لیگی کارکنان نے رینجرز سے ہاتھا پائی کی تاہم ائیرپورٹ سیکیورٹی فورس نے نواز شریف کی گرفتاری میں مزاحمت بننے والوں کو گرفتار کرلیا ہے اور انہیں نا معلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔