پاکستانی متحد ہوکرجمہوریت دشمن قوتوں کوشکست دیں گے،آرمی چیف

جنرل قمرجاوید باجوہ کی مستونگ میں دہشتگرد حملے کی مذمت،قیمتی جانوں کےضیاع پراظہارافسوس، پاکستان انتہائی مخلص اورقابل سیاستدان سراج رئیسانی سے محروم ہوگیا۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 13 جولائی 2018 22:30

پاکستانی متحد ہوکرجمہوریت دشمن قوتوں کوشکست دیں گے،آرمی چیف
راولپنڈی(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔13 جولائی 2018ء) : چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمرجاوید باجوہ نے مستونگ میں دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی متحد ہوکرجمہوریت دشمن قوتوں کوشکست دیں گے، جمہوریت کوپٹری سے اتارنے کی دشمن قوتوں کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے مستونگ میں دہشت گرد حملے کی مذمت کی ہے۔

آرمی چیف نے قیمتی جانوں کے ضیاع پردکھ کا بھی اظہارکیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان انتہائی مخلص اورقابل سیاستدان سراج رئیسانی سے محروم ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کوپٹری سے اتارنے کی دشمن قوتوں کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ تمام پاکستانی متحدہ ہوکرجمہوریت دشمن قوتوں کوشکست دیں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے آج مستونگ کےعلاقے درینگڑھ میں خود کش دھماکہ کیا گیا ہے۔

بم دھماکے میں بی اے پی کے رہنماء سراج رئیسانی کے قافلے کونشانہ بنایا گیا۔ بم دھماکے کے نتیجے میں سراج رئیسانی سمیت 100 افراد شہید اور150 سے زائد کارکنان زخمی ہوگئے ہیں۔ دھماکہ اس وقت کیا گیا جب سراج رئیسانی درینگڑھ میں انتخابی مہم کے سلسلے میں کارنرمیٹنگ کے لیے موجود تھے۔ دھماکے کے فوری بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کوگھیرے میں لے لیا اور علاقے میں مشتبہ افراد کی نگرانی کا عمل تیز کردیا ہے۔

دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ آواز دور تک سنائی دی گئی۔ ریسکیوٹیموں نے حملے میں شدید زخمی افراد کو فوری اسپتال منتقل کیا۔ تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے پی بی 35 میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے امیدوارسراج رئیسانی جان کی بازی ہار گئے۔ نگراں وزیرداخلہ بلوچستان کا کہنا ہے کہ دھماکے میں بی اے پی کے 100 افراد شہید اور150 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب سکیورٹی اداروں نے جائے دھماکہ سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش کاعمل شروع کردیا ہے۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ خود کش تھا۔ خود کش حملہ آور کے اعضاء مل گئے ہیں۔ خود کش حملہ آور کی عمر25 سال کے قریب تھی۔ یاد رہے نواب سراج رئیسانی سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اسلم رئیسانی کے چھوٹے بھائی تھے۔ سراج رئیسانی کے بیٹے حقمل رئیسانی بھی ایک دھماکے میں شہید ہوگئے تھے۔