سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین سینیٹر رحمن ملک نے مستونگ بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت

جمعہ 13 جولائی 2018 23:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2018ء) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین سینیٹر رحمن ملک نے مستونگ بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ جمعہ کو یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ دھماکے میں سراج رئیسانی سمیت متعدد افراد کی شہادت پر دل خون کے آنسو رو رہا ہے اور ہم غمزدہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

(جاری ہے)

رحمن ملک نے کہا کہ وہ پہلے سے ہی خبردار کر چکے تھے کہ دشمن انتخابی مہم کے دوران دہشت گردی کر سکتے ہیں۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے حکم پر بنی جائزہ کمیٹی کی رپورٹ کو پبلک کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ جن سیاستدانوں کو خطرہ ہے انہیں بتایا جائے اور انہیں سیکورٹی فراہم کی جائے۔ انہوں نے حکومت سے سیکورٹی میں مزید اضافے کے اقدامات کا مطالبہ کیا اور کہا کہ دشمن عناصر طالبان، داعش اور القاعدہ کے ذریعے ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں رہے ہیں۔