دنیا میں سب سے زیادہ کلون کیےجانے والے دنیا کے سب سے چھوٹے زندہ کتے کی 49 کاپی کی جا چکی ہیں

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 13 جولائی 2018 23:48

دنیا میں سب سے زیادہ کلون کیےجانے والے  دنیا کے سب سے چھوٹے زندہ کتے ..
پورٹو ریکو سے تعلق رکھنے والی مراکل ملی نامی 6 سالہ کتیا کے پاس دو عالمی  ریکارڈ زہیں۔ گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ  کے مطابق اس کتیا کو سب سے زیادہ بار کلون کیا گیا ہے۔ جنوبی کوریا کے سائنسدان مراکل ملی کی جنیاتی طور پر ایک جیسی  49  نقل یعنی کاپی بنا چکے ہیں۔
سیول میں واقع متنازعہ سوام بائیو ٹیک ریسرچ فاؤنڈیشن 2006 سے پالتو جانوروں  کی نقلیں بنا رہی ہے۔

پچھلے سال انہوں  نے مراکل ملی کی مالکن ونیساسیملر سے رابطہ کیا اور ان سے  مراکل ملی کی نقل بنانے کی اجازت مانگی ۔ مراکل ملی کوئی عام پالتو جانور نہیں۔ 2012 سے دنیا کے سب سے چھوٹے  زندہ کتے کا گینیز  ورلڈ ریکارڈ مراکل ملی کے پاس ہے۔ سائنسدان اس کی نقل بنا کر اس کی جنیاتی پراسراریت سمجھنا چاہتے تھے۔ پچھلے سال اگست 2017 سے اب تک سوام  کے  سائنسدان اس کی 49 نقلیں بنا چکے ہیں۔

(جاری ہے)


سوام کے سائنسدان کلوننگ کے لیے وہی 50 سالہ پرانی ٹیکنالوجی، نیوکلیئر ٹرانسفر، استعمال کر رہے ہیں، جس سے 1996 میں پہلی بار ایک بھیڑ ”ڈولی“ کی نقل بنائی گئی تھی۔اس ٹیکنالوجی میں سب سے پہلے  جانور کے خلیے لے کر ان سے   مرکزہ (nucleus) الگ کر کے محفوظ کر لیا جاتا ہے۔ اسی مرکزے میں جانور کی جنیاتی معلومات محفوظ ہوتی ہیں۔اس کے بعد  ایک دوسرے جانور(ڈونر) کا انڈہ لیا جاتا ہے اور اس میں موجود مرکزے کو نکال کر ، اسے پہلے سے محفوظ کیے ہوئے مرکزے سے تبدیل کر دیا جاتا ہے۔

اس تبدیل شدہ انڈے کے خلیوں کو سٹیمولیٹ کرنے کے لیے بجلی کے بہت ہلکے جھٹکے دئیے جاتے ہیں۔ کچھ دنوں  بعد ایمبریو کو سروگیٹ مدر میں  منتقل کر دیا جاتا ہے۔
مراکل ملی کا پہلا کلون اگست 2017 میں پیدا ہوا تھا۔ اس وقت مراکل ملی کی 12 کاپیاں Molly, Mally, Melly, Molly, Mumu, Mila, Mary, Mimi, Moni, Mini, Mela اور  Mulan فلوریڈا میں سیملر فیملی کے ساتھ رہتے ہیں۔ سوام کے سائنسدان دنیا کے سب سے چھوٹے کتے کے 37 مزید کلون بھی تیار کر چکے ہیں۔


سائنسدانوں کا  پہلے ارادہ تھا کہ مراکل ملی کے نو کلون ریسرچ کے لیے اور ایک کلون سیملر فیملی کےلیے بنایا جائے گا لیکن بعد میں سائنسدانوں کا ارادہ بدل گیا اور انہوں نے دنیا کے سب سے چھوٹے کتے کے کلون بنانے کا بھی عالمی ریکارڈ بنا لیا۔مراکل ملی کی مالکن کا کہنا ہے کہ  ملی کی ساری نقلیں دیکھنے میں ملی کی طرح ضرور ہیں لیکن کچھ سائز میں اصل سے بڑی ہیں۔
سوام کے سائنسدان اب بیجنگ جینومکس انسٹی ٹیوٹ کے ساتھ مل کر اصل  مراکل ملی اور اس کی نقلوں پر تحقیق کرنا چاہتے ہیں۔