شمالی کوریا اقوام متحدہ کی معین کردہ حد سے زیادہ تیل غیر قانونی طریقے سے اپنے یہاں منتقل کر رہا ہے، امریکا

ہفتہ 14 جولائی 2018 11:33

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2018ء) امریکا نے دعوی کیا ہے کہ شمالی کوریا اقوام متحدہ کی معین کردہ حد سے زیادہ تیل غیر قانونی طریقے سے اپنے یہاں منتقل کر رہا ہے۔امریکا کی جانب سے شمالی کوریا پر پابندیوں کی نگرانی کرنے والی سلامتی کونسل کی کمیٹی کے نام ارسال کیے گئے خط میں دعوی کیا گیا ہے کہ شمالی کوریا بھیجے جانے والے تیل کی مقدار اقوام متحدہ کے مقرر کردہ حد سے کہیں زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ نے گزشتہ سال دسمبر میں شمالی کوریا کو پیٹرول برآمد کرنے کی حد 5لاکھ بیرل سالانہ مقرر کی ہے۔سلامتی کونسل کو ارسال کی جانے والی امریکی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا کے آئل ٹینکر کھلے سمندروں میں سفر کرنے والے آئل ٹینکروں سے تیل حاصل کرکے اپنے ہاں منتقل کر رہے ہیں اور اب تک ایسی89 واقعات ریکارڈ پر آچکے ہیں۔امریکہ نے سلامتی کونسل سے اپیل کی ہے کہ وہ شمالی کوریا کو غیر قانونی طریقے سے آئل کی ایکسپورٹ بند کرانے کے لیے فوری اقدامات انجام دے۔