قومی ایئر لائن کا حج آپریشن شروع،

پرواز پی کی7003 اسلام آباد سے 327 عازمین کو لے کر مدینہ منورہ روانہ

ہفتہ 14 جولائی 2018 11:48

قومی ایئر لائن کا حج آپریشن شروع،
اسلام آباد ۔14 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2018ء) قومی ایئر لائن نے حج آپریشن کا باقاعدہ آغاز کردیا۔ سرکاری سکیم کے تحت کامیاب ہونے والے 327 عازمین حج کو پرواز پی کی7003 اسلام آباد سے لے کر مدینہ منورہ کے لیے روانہ ہوگئی۔ وزارت مذہبی امورکے حکام کے مطابق قومی ایئر لائن ’’پی آئی اے‘‘ نے باقاعدہ حج آپریشن کا آغازکردیا ہے، پہلی پرواز جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے پی کی7001 ،300 سے زائد عازمین حج کو لے کر مدینہ منورہ کیلئے روانہ ہوئی ہے جبکہ پی آئی اے کی دوسری حج پرواز پی کی7003 اسلام آباد سے 327 عازمین حج کو لے کر مدینہ منورہ کیلئے روانہ کیا گیا۔

پروازسے قبل عازمین حج کو مناسک حج اور سعودی قوانین سے متعلق آگاہ کیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سعودی عرب کے سفارستخانہ کے ڈپٹی ہیڈ مشن حبیب اللہ بخاری نے کہا کہ سعودی حکومت عازمین حج کیلئے بہترین خدمات فراہم کرتی ہے، رواں سال بھی عازمین کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے مقدس مقامات پرجانے والے پاکستانی عازمین حج کو مبارکباد پیش کی۔

وزارت مذہبی امور کے کیپٹن(ر) آفتاب احمد نے کہا کہ وزارت مذہبی امور نے پاکستانی عازمین کو ہر سال کی طرح اس سال بھی بہترین انتظامات کیے ہیں۔ انہوں نے عازمین حج کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ پاکستان کے سفیر ہیں ، سعودی عرب میں آپ نے اپنی زبان اور اخلاق سے یہ ثابت کرنا ہے کہ پاکستانی بہترین قوم ہیں۔ وزارت مذہبی امور نے قرعہ اندازی میں کامیابی کے بعد روانگی تک تمام معلومات بذریعہ ایس ایم ایس پیغام تمام عازمین حج کو فراہم کررہی ہے۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر روانگی سے قبل عازمین حج نے اپنی عبادات کی قبولیت کے ساتھ ساتھ ملک وقوم کی ترقی اور پاکستان میں امن کے لیے اجتماعی دعا کی۔