صدر ٹرمپ کا والدہ کی جائے پیدائش ایڈنبرا پہنچنے پر ہزاروں افراد کا احتجاج

برطانیہ بھر میں 100 مقامات پر ٹرمپ کیخلاف مظاہرے ہوئے‘ احتجاج میں ڈھائی لاکھ سے زائد افرادکی شرکت

ہفتہ 14 جولائی 2018 12:27

صدر ٹرمپ کا والدہ کی جائے پیدائش ایڈنبرا پہنچنے پر ہزاروں افراد کا ..
ایڈنبرا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2018ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ملکہ برطانیہ سے ملاقات کے بعد اسکاٹ لینڈ پہنچ گئے ہیں۔ ان کا کہناہے کہ یہاں ان کی والدہ پیدا ہوئی تھیں۔ ٹرمپ کی آمد پر ایڈنبرا میں ہزاروں افراد نے مظاہرہ کیا ہے۔امریکی ٹی وی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے چار روزہ غیر سرکاری برطانوی دورے کے دوسرے روز برطانوی ملکہ کی ٹی پارٹی میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

ملکہ الزبتھ سے ملاقات کے بعد ٹرمپ سخت سیکیورٹی میں واپس امریکی سفیر کی رہائش گاہ پہنچ کر اسکاٹ لینڈ روانہ ہوگئے۔ اسکاٹ لینڈ کے دارالحکومت ایڈنبرا پہنچنے پر ہزاروں افراد نے ان کے خلاف احتجاج کیا ہے۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ نسل پرست صدر وطن واپس جائیں۔ ان کا استقبال نہیں کیا جائیگا۔ خبر ایجنسی کے مطابق لندن سمیت برطانیہ بھر میں 100 مقامات پر ٹرمپ کے خلاف مظاہرے ہوئے۔ احتجاج میں ڈھائی لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی ہے۔