ن لیگی رہنما زعیم قادری نے کارکنان کی ریلیاں ائیرپورٹ نہ پہنچنے کی وجہ بتا دی

قیادت نے ریلی میں شریک کارکنان کو نظر انداز کیا جس پر ریلی ائیر پورٹ نہیں پہنچ سکی۔ مسلم لیگ ن کے منحرف رہنما زعیم قادری

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 14 جولائی 2018 11:52

ن لیگی رہنما زعیم قادری نے کارکنان کی ریلیاں ائیرپورٹ نہ پہنچنے کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14 جولائی 2018ء) : مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور مریم نواز کی وطن واپسی پر پارٹی رہنماؤں کی قیادت میں کارکنان نے کئی ریلیاں نکالیں لیکن کارکنان ائیرپورٹ پر اپنے قائد کا استقبال نہ کر سکے۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے منحرف رہنما زعیم قادری نے ن لیگ کے ریلیاں ائیر پورٹ نہ پہنچنے کی وجہ بتا دی ۔

زعیم قادری کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت کی جانب سے نظر انداز کئے جانا ہی کارکنان کے ائیرپورٹ نہ پہنچنے کی وجہ بنا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف اورمریم نواز کے استقبال کے لئے کارکن ائیر پورٹ نہیں پہنچ سکے اس کی سب سے بڑی وجہ پارٹی قیادت کی نظر اندازی ہے۔ زعیم قادری نے کہا کہ ہم نے 10سال تک نواز شریف کی غیرموجودگی میں ان کی جنگ لڑی لیکن انہوں نے ہمیں شابا ش تک نہیں دی ، اگر وہ اپنے کارکنوں کی قدر کرتے تو آج ان کا اتنا مایوس کُن استقبال نہ ہوتا ۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں زعیم قادری نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) نے کارکنوں کو عزت نہیں دی جس کا نتیجہ اب ان کے سامنے ہے ۔ الیکشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر زعیم قادری نے کہا کہ میں عام انتخابات 2018ء میں بھر پور کامیابی حاصل کروں گا ، ایک دن میں حلقے میں آٹھ جلسے کررہا ہوں ،عوام میرے ساتھ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں بھر پور انداز میں حصہ لوں گا ۔

میں اپنے کارکنوں کی عزت کرتا ہوں اور میر ے کارکن ہی میرا اثاثہ ہیں۔ یاد رہے کہ سابق صوبائی وزیر اور مسلم لیگ ن کے منحرف رہنما زعیم قادری نے پارٹی قیادت سے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے پریس کانفرنس کے دوران کافی گلے شکوے کیے جس کے بعد انہوں نے عام انتخابات 2018ء میں آزاد حیثیت میں حصہ لینے کا اعلان کیا تھا۔