نوازشریف کے سمدھی اسحاق ڈار کی گرفتاری کے لیے ریڈ وارنٹ جاری

انٹرپول کے ذریعے وطن واپس لایا جائے گا۔ایف آئی اے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 14 جولائی 2018 12:48

نوازشریف کے سمدھی اسحاق ڈار کی گرفتاری کے لیے ریڈ وارنٹ جاری
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14جولائی۔2018ء) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سابق وفاقی وزیر خزانہ اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کے سمدھی اسحاق ڈار کی بیرون ملک گرفتاری کے لیے ریڈ وارنٹ جاری کردیئے ہیںجس کے بعد انہیں انٹرپول کے ذریعے وطن واپس لایا جائے گا۔واضح رہے کہ 9 جولائی کو چیف جسٹس سپریم کورٹ پاکستان میاں ثاقب نثار نے چیئرمین پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) کی تعیناتی سے متعلق کیس کی سماعت میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو مزید 3 روز کی مہلت دیتے ہوئے 12 جولائی کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا تھا۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ریمارکس دیے تھے کہ ‘اسحاق ڈار عدالت کے بلانے پر نہیں آئے، سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار عدالت کی بے توقیری کررہے ہیں اور وہ نوٹس گھر کے باہر چسپاں کرنے کے باوجود پیش نہیں ہو ئے‘۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اسحاق ڈار پاناما پیپرز لیکس سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کے چند ماہ بعد ہی علاج کی غرض سے لندن روانہ ہو گئے تھے جس کے بعد وطن واپس نہیں آئے۔

اس حوالے سے بتایا گیا کہ ایف آئی اے نے وزارت داخلہ کی منظوری کے بعد ریڈ وارنٹ جاری کردیئے۔وزارت داخلہ کے مطابق سابق وزیر خزانہ کے ریڈ وارنٹ انٹر پول کو ارسال کیے جا چکے ہیں جبکہ اس حوالے سے وزارت داخلہ کی جانب سے عدالت عظمیٰ میں جواب جمع کرادیا گیا۔ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے 29 جولائی کو سپریم کورٹ کے احکامات کے پیش نظر اسحاق ڈار کی سینیٹ کی رکنیت معطلی کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔واضح رہے کہ احتساب عدالت نے 21 نومبر 2017 کو قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے دائر ریفرنس میں اسحاق ڈار کو مفرور قرار دیا تھا۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نیب کی جانب سے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدنی سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں دائر ریفرنس کی سماعت کی تھی۔