مسلم لیگ ن کارکردگی کی بنیاد پر عام انتخابات 2018ء میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی، امیداوار انجم عقیل خان

ہفتہ 14 جولائی 2018 13:32

اسلام آباد ۔14 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2018ء) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 54سے پاکستان مسلم لیگ ن کے امیداوار انجم عقیل خان نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کارکردگی کی بنیاد پر عام انتخابات 2018ء میں بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ 25جولائی کے دن شیر کی فتح کا دن ہوگا۔ ہفتہ کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انجم عقیل خان نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے گذشتہ پانچ سالوں کے دوران ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ کیا جبکہ توانائی کے بحران کے حل کیلئے ملک میں ہنگامی بنیادوں پر توانائی کے منصوبوں کا آغاز کیا جس کی وجہ سے آج ملک میں توانائی کا بحران کم کر دیا گیا اور سسٹم میں گیارہ ہزار میگاواٹ بجلی شامل کی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نے ملک سے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر کے اتفاق رائے سے نیشنل ایکشن پلان بنایا جس کی وجہ سے ملک میں دہشتگردی 96فیصد ختم ہوئی ۔

(جاری ہے)

انجم عقیل خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن کارکر دگی کی بنیاد پر 25جولائی کو ملک بھر میں شیر کے نشان پر کامیابی حاصل کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آبادکے دیہی علاقوں میں سوئی گیس سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کیلئے سابق وزیر اعظم نے 25کروڑ روپے فراہم کئے تھے ۔

سوئی گیس فراہمی کے منصوبے پرالیکشن کے بعد کام شروع ہوگا اور اسی طرح پانی کی فراہمی کیلئے بھی اگر مسلم لیگ ن کی حکومت بنی تو اسی طرح پانی کی فراہمی کا دیہی علاقوں کو پانی کی فراہمی کے منصوبے سے آغاز کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعظم کی گرفتاری کے بعد مسلم لیگ پہلے سے زیادہ مضبوط ہوئی ہے اور انتخابات میں کامیابی بھی یقینی ہے ۔