پہلے ون ڈے میں جیت کی بنیادی وجہ کیا تھی ؟ سرفراز احمدنے بتا دیا

جلدی وکٹیں گرنے سے ہارے ، مساکاڈزا

ہفتہ 14 جولائی 2018 14:32

پہلے ون ڈے میں جیت کی بنیادی وجہ کیا تھی ؟ سرفراز احمدنے بتا دیا
بلاوایو(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔14جولائی 2018 ء) پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے کہاہے کہ جب کھلاڑی اچھے کھیل کا مظاہرہ کریں تو ٹیم لیڈر کو بھی خوشی اور سکون کا سانس مل جا تا ہے۔ ابرآلود موسم میں فخر زمان اور امام الحق نے ابتدائی پندرہ اوورز میں اچھی بیٹنگ کی تاہم آخر ی اوورز میں مزید رنز بنائے جا سکتے تھے۔ باﺅلرز کی کارکردگی بھی باعث اطمینان رہی تاہم اس جانب مزید کام کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ ہر میچ اہم ہوتا ہے اورمیچزپر توجہ دینے کی کوشش کریں گے۔

زمبابوین کپتان ہملٹن مساکاڈزا نے کہا کہ فاسٹ باﺅلر ز نے شروع اور اختتامی لمحات میں اچھی باﺅلنگ کی۔کھیل کے درمیان میں بھٹک گئے۔ ابتدائی تین وکٹیں جلدی گرنے سے تین سو رنز کا ہدف حاصل نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

ا بھی مزید چار میچز باقی ہیں لہٰذا کھلاڑیوں کو احساس ذمہ داری کا ثبوت دینا ہوگا۔ پلیئر آف دی میچ امام الحق نے کہا کہ ٹیم میں اچھے اندا زمیں واپسی پر خوشی ہوئی۔

دورہ نیوزی لینڈ میں اچھی کارکردگی نہ دکھا سکے مگر سخت محنت جاری رکھی۔ وہ ٹیم مینجمنٹ کے تعاون پر بھی شکر گزار ہیں۔ یہ بات جانتے تھے کہ اگر ابتدائی دس اوور زمیں حالات کے مطابق کھیل پیش کیا تو اچھا سکور بنایا جا سکتا ہے۔یاد رہے کہ پاکستان نے پانچ ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے کو 201 رنز سے شکست دی۔ زمبابوے کے شہر بلاوایو میں کھیلے گئے پہلے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو جیت کے لیے 309 رنز کا ہدف دیا جس کے تعاقب میں زمبابوے کی پوری ٹیم صرف 107 رنز ہی بناسکی۔

زمبابوے کی جانب سے صرف 4 کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل ہوئے جن میں چامو چبھابا 20، ڈونلڈ ٹریپانو 12، تراسائی مساکنڈا 21 رنز بناکر آﺅٹ ہوئے جب کہ ریان مرے 32 رنز پر ناٹ آﺅٹ رہے۔قومی ٹیم کی جانب سے لیگ سپنر شاداب خان نے 4، عثمان خان ، فہیم اشرف نے 2،2 جب کہ حسن علی اور محمد عامر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخرزمان اور امام الحق نے کیا، دونوں اوپنرز نے پر اعتماد اننگز کا آغاز کیا اور 133 رنز کی شراکت قائم کی جس کے بعد فخرزمان 60 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئے، امام الحق نے 129 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

ون ڈاﺅن آنے والے بابر اعظم نے 30 جب کہ شعیب ملک نے 22 رنز کی اننگز کھیلی، آصف علی نے بھی 25 گیندوں پر 46 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس کی بدولت پاکستان نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنائے۔واضح رہے کہ اس سے قبل قومی ٹیم نے ہرارے میں کھیلی گئی سہ ملکی سیریز میں فتح حاصل کی تھی، قومی ٹیم نے فائنل میں آسٹریلیا کو 6 وکٹوں سے شکست دی تھی۔