Live Updates

عرصہ دراز سے نظر انداز پسماندہ یونین کونسلوں کی تعمیر و ترقی ہمارا مشن ہے جسے فتح کے بعد پورا کرنا ہے، اکبر ایوب خان

ہفتہ 14 جولائی 2018 16:04

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2018ء) عرصہ دراز سے نظر انداز پسماندہ ترین یونین کونسلوں کی تعمیر و ترقی ہمارا مشن ہے جسے فتح کے بعد ہم نے پورا کرنا ہے، باہمی اتفاق و اتحاد سے ہی یہاں کی پسماندگی ترقی میں بدلنی ہے، اپنے سابقہ حلقہ پی کے 50 میں 90 فیصد سے زائد مسائل ہم حل کر چکے ہیں، اب ہمار ا زیادہ فوکس کلنجر، بیڑ ، لدڑ منگ کی یونین کونسلوں پر ہو گا، 25 جولائی کو قومی جذبہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈاکو راج کے خلاف ووٹ کا استعمال کر کے تحریک انصاف کو کامیاب بنائیں۔

ان خیالات کا اظہار سابق صوبائی مشیر مواصلات و نامزد امیدار پی کے 40 اکبر ایوب خان نے یونین کونسل کلنجر کی انتخابی مہم کے دوران مختلف کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں کثیر تعداد میں لوگوں نے تحریک انصاف کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی امیدوار اکبر ایوب خان نے کہا کہ گذشتہ 35 برسوں سے دو پارٹیوں نے باری باری ملک کو لوٹا ہے، کرپشن نے ملک کو کھوکھلا کر دیا ہے، معشیت کا بیڑا غرق کیا گیا، وطن عزیز قرضوں میں جکڑا ہوا ہے۔

اکبر ایوب خان نے کہا کہ چیئرمین عمران خان امید کی آخری کرن ہیں جو اس ملک کو مسائل و مشکلات اور بحرانوں کی دلدل سے نکال سکتے ہیں۔امید وار پی کے 40 نے کہا کہ قوم سوچ کے ساتھ اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے تبدیلی کا ساتھ دیں، ہم آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ عمران خان ہی نئے اور ترقی یافتہ پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر کر سکتے ہیں۔ اکبر ایوب خان نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں کئے گئے تمام وعدوں کو ایفاء کرنے کے بعد آپ کی خدمت میں حاضر ہوئے ہیں، ان کے سابق حلقہ کی عوام تاریخی اور سنہری کارکردگی کی بدولت انہیں اپنے قیمتی ووٹ سے نوازیں گے اور نئی یونین کونسلوں سے ان کا وعدہ ہے کہ انہیں بھی سال دو سالوں میں ترقی کے دھارے میں لانا ہمارے لئے چیلنج ہے جسے ہم قبول کرتے ہیں۔

اکبر ایوب خان نے کلنجر ، صوابی میرا، گندف، کھیری اور دیگر مواضعات سمیت یو سی کلنجر کی غیور عوام کی بھرپور تائید و حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات