برسلز‘ یوم شہدائے کشمیر پر احتجاجی کیمپ لگایا گیا

یہ کیمپ یورپی ہیڈکوارٹرز میں یورپی یونین کے اہم اداروں بشمول ای یو ایکسٹرنل ایکشن سروس کے دفاتر سامنے لگایا گیا

ہفتہ 14 جولائی 2018 16:04

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جولائی2018ء) کشمیرکونسل یورپی یونین کے زیراہتمام یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کیخلاف بلجیم کے دارالحکومت برسلز میں یک پرامن احتجاجی کیمپ لگایاگیا۔یہ کیمپ یورپی ہیڈکوارٹرز میں یورپی یونین کے اہم اداروں بشمول ای یو ایکسٹرنل ایکشن سروس کے دفاتر سامنے لگایا گیا اور اس دوران ان اداروں کے حکام کو مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم کے بارے میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمشنر کی طرف سے جاری کی گئی حالیہ رپورٹ کی کاپیاں بھی پیش کی گئیں۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمشنرکی طرف سے گزشتہ ماہ جاری کی جانے والی رپورٹ میں مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خالاف ورزیوں کی تحقیقات کے لیے ایک تحقیقاتی کمیشن بنانے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

احتجاجی کیمپ کے موقع پر بڑی تعداد میں یورپی باشندوں کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا گیا اور ان سے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حق می دستخط بھی لئے گئے۔

دستخطوں کا یہ سلسلہ کشمیرکونسل یورپی یونین کی اس ایک ملین دستخطی مہم کا حصہ ہے جو پچھلے چند سالوں سے یورپ میں جاری ہے۔ اس مہم کے تحت اب تک بڑی تعداد میں یورپی باشندے دستخط کرچکے ہیں۔ کشمیر کونسل یورپی یونین کے چیئرمین علی رضاسید نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کوبتایاکہ تیرہ جولائی کویوم شہداء کے موقع پر یورپی اداروں کے سامنے پرامن کیمپ لگانے کا مقصد لوگوں کو نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور انہیں مسئلہ کشمیر کی اصل حقیقت سے بھی آگاہ کرنا تھا۔

انھوں نے مزید کہاکہ بھارتی حکومت کشمیری صحافیوں کو بھی ظلم و ستم کا نشانہ بنا رہی ہے جس کی مثال رمضان المبارک میں نامور کشمیری صحافی سید شجاعت بخاری کی شہادت ہے۔انھوں نے کہاکہ عالمی برادری خصوصاً یورپی یونین کو بھارت پر دبائو ڈالناہوگا کہ وہ مقبوضہ وادی میں کالے قوانین ختم کرے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے۔احتجاجی کیمپ میں سردار صدیق، میرشاہجہاں، چوہدری خالد محمود جوشی، مہر ندیم، سید ہادی شاہ، حمزہ شاہ، سید انصارالحسن، یورپی یونین کے سابق سفیر انتھونی کرزنراور رومونا بنزبھی شریک تھے۔