Live Updates

شہباز شریف ،شاہد خاقان عباسی ،جاوید ہاشمی ،راجہ ظفر الحق ، مریم اورنگزیب سمیت سینکڑوں رہنمائوں ،کارکنوں پر مقدمقات درج

لاہور ،سٹی ڈویژن میں دو، کینٹ ڈویژن میں تین، اقبال ٹائون، صدر ڈویژن میں دو، دو مقدمات درج کیے گئے ،سینکڑوں رہنما ، کارکن نامزد فیصل آباد میں بھی اجازت کے بغیر ریلیاں نکالنے ،توڑ پھوڑ کرنے پر 1200سے زائد لیگی کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے گجرات میں 4 مختلف تھانوں میں مقدمات درج ،96 ملزمان نامزد ،655افراد نامعلوم شامل ،کار سرکار میں مداخلت سمیت متعدد دفعات شامل سرگودھا میں بلا اجازت ریلی نکالنے ،ہوائی فائرنگ کرنے کے الزام میں 22 (ن) لیگی کارکنان کو گرفتار کرکے ان کیخلاف مقدمہ درج کرلیاگیا

ہفتہ 14 جولائی 2018 16:49

لاہور /فیصل آباد /سرگودھا /گجرات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2018ء) مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور انکی صاحبزادی مریم نواز کی وطن واپسی پر انکے استقبال کے لئے ریلیاں نکلانے پر (ن) لیگ کے صدر محمد شہباز شریف ،شاہد خاقان عباسی ،حمزہ شہباز ، جاوید ہاشمی ،راجہ ظفر الحق ،مشاہد حسین سید ، مریم اورنگزیب ،خواجہ سلمان رفیق ،سیف الملوک کھوکھر سمیت سینکڑوں رہنمائوں اور کارکنوں پر دہشتگردی ایکٹ سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت اور کارکنوں پر مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ لاہور میں لیگی رہنمائوں کے خلاف سٹی ڈویژن میں دو، کینٹ ڈویژن میں تین، اقبال ٹائون، صدر ڈویژن میں دو، دو مقدمات درج کیے گئے ہیں، سول لائنز ڈویژن میں (ن) لیگ کی قیادت کیخلاف 3 مقدمات درج ہوئے جن میں انسداد دہشت گردی ، کار سرکار میں مداخلت اور دفعہ 144کی خلاف ورزی اور پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنانے سمیت دیگر سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

لوہاری گیٹ پولیس اسٹیشن میں ایس ایچ او کی مدعیت میں شہباز شریف، حمزہ شہباز، جاوید ہاشمی، عظمیٰ بخاری، سائرہ افضل تارڑ، مریم اورنگزیب، کامران مائیکل، کرنل (ر) مبشر، راجہ ظفرالحق اور مشاہد حسین سید سمیت درجنوں (ن) لیگی رہنمائوں اور کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے، مقدمے میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7، اقدام قتل اور دیگر سنگین جرائم کی دفعات شامل کی گئی ہے۔

تھانہ نواب ٹائون میں اقدام قتل، دہشت گردی، توڑ پھوڑ اور دیگر سنگین دفعات کے تحت درج کئے گئے مقدمے میں سیف الملوک کھوکھر، ملک شفیع کھوکھر، ملک افضل کھوکھر، ملک عرفان کھوکھراور شہباز ڈوگر کے علاوہ 500نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ شمالی کینٹ تھانے میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، شہباز شریف کے پولیٹیکل سیکرٹری طلحہ برکی اور سابق وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

تھانہ شاہدرہ ٹائون میں انسپکٹر مظہر الحق کی مدعیت میں (ن) لیگ کے سابق ایم این ایز سمیت 250افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں جن میں رانا تنویر ، حاجی ملک ریاض ،خرم دستگیر ،پیر اشرف رسول ، وحید گل اور سمیع اللہ خان کو بھی نامزد کیا گیا ہے ۔اسی طرح گجرات میں مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں اور کارکنوں کے خلاف 4 مختلف تھانوں میں مقدمات درج کئے گئے ہیں، ان مقدمات میں 96 ملزمان نامزد جبکہ 655افراد نامعلوم ظاہر کئے گئے ہیں۔

ان مقدمات میں دفعہ 144کی خلاف ورزی، اقدام قتل، فائرنگ، پولیس اہلکاروں کی وردی پھاڑنے اور کار سرکار میں مداخلت سمیت متعدد دفعات شامل کی گئی ہیں۔ پولیس نے ان مقدمات میں کئی لیگی رہنمائوں کو بھی حراست میں لے لیا ہے، جن میں سابق مشیر وزیراعلی پنجاب نوابزادہ طاہر، سابق ارکان قومی و صوبائی اسمبلی عابد رضا، مبشرحسین، نوابزادہ حیدر مہدی، شبیر کوٹلہ اور معین نواز شامل ہیں۔

سرگودھا میں بلا اجازت ریلی نکالنے اور ہوائی فائرنگ کرنے کے الزام میں 22 (ن) لیگی کارکنان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف بلا اجازت ریلیاں نکالنے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے پر سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔فیصل آباد میں بھی اجازت کے بغیر ریلیاں نکالنے اور توڑ پھوڑ کرنے پر 1200سے زائد لیگی کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں ۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات