اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی طرف سے مستونگ سمیت حالیہ دہشت گردی کی وارداتوں کی شدید مذمت

ایسے واقعات سے ملک میں سرمایہ کاری متاثر ہو گی فوری اصلاحی اقدامات اٹھائے جائیں، شیخ عامر وحید

ہفتہ 14 جولائی 2018 16:49

اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی طرف سے مستونگ سمیت حالیہ دہشت گردی کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحیدنے بلوچستان کے علاقے مستونگ میں ہونے والی دہشت گردی کی شدید مذمت کی جس میں بلوچستان کی مشہور سیاسی شخصیت اسلم رئیسانی سمیت تقریبا 128افراد شہید ہوئے اور بہت سے لوگ زخمی ہوئے۔انہوںنے سوگواران کے ساتھ اظہار تعزیت کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے فوری اصلاحی اقدامات اٹھائے ورنہ ایسے واقعات سے ملک میں سرمایہ کاری متاثر ہوگی اور معیشت کو نقصان پہنچے گا۔

شیخ عامر وحید نے کہا کہ افواج پاکستان سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کی انتھک کاوشوں سے ملک میں دہشت گردی کے مسئلے پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا تھا لیکن پچھلے دنوں میں پشاور میں ایک دہشت گرد نے خودکش حملہ کیا جس میں اے این پی کے رہنما ہارون بلور سمیت 22افراد شہید ہوئے جبکہ بنوں میں دہشت گردی کی واردا ت میں چار افراد شہید ہوئے جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ابھی تک ملک سے دہشت گردی کا مکمل صفایا نہیں کیا جا سکا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پاکستان کو پائیدار اقتصادی ترقی کے راستے پر ڈالنے کیلئے دہشت گردی کا خاتمہ بہت ضروری ہے کیونکہ جہاں امن نہیں ہو گا وہاں کوئی بھی سرمایہ لگانے سے گریز کرے گا۔ انہوںنے کہا کہ گذشتہ 17سالوں میں دہشت گردی کی وجہ سے پاکستان کی معیشت کو 126ارب ڈالر کا نقصان اٹھانا پڑا ہے جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ یہ مسئلہ پاکستان کیلئے کتنا نقصان دہ ثابت ہو رہا ہے۔ انہوںنے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ ملک کی تاجر برادری ملک سے دہشت گردی کو ختم کرنے اور امن و امان کی صورت حال کو بہتر کرنے کی کوششوں میں افواج پاکستان اور حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی کیونکہ صنعت وتجارت کے بہتر فروغ اور سرمایہ کاری کی ترقی کیلئے پرامن ماحول کا قیام بنیادی شرط ہے۔