سعودی عرب:غیر مُلکیوں اور مقامی افراد کی اوسط تنخواہ کتنی ہے؟

سعودی شماریاتی ادارے نے دلچسپ اعداد و شمار ظاہر کر دیئے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 14 جولائی 2018 16:21

سعودی عرب:غیر مُلکیوں اور مقامی افراد کی اوسط تنخواہ کتنی ہے؟
جدہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 جُولائی 2018) سرکاری شماریاتی ادارے کے مطابق سال 2018ء کی پہلی سہ ماہی کے دوران مملکت میں مقیم غیر مُلکیوں کی ماہانہ اوسط تنخواہ 3,768 سعودی ریال نوٹ کی گئی جبکہ 2017ء کے آخری سہ ماہی کے دوران یہ تنخواہ 3,674 تھی۔ سال رواں کی پہلی سہ ماہی کے دوران سعودی شہریوں کی ماہانہ اوسط تنخواہ 10,089تک پہنچ گئی اس لحاظ سے پچھلی سہ ماہی کی نسبت تنخواہوں میں دو فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

سعودی مردوں کی اوسطاً ماہانہ تنخواہ 10,289 جبکہ سعودی خواتین کی اوسطاً ماہانہ تنخواہ 9,230ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ سرکاری شعبے میں سعودی مرد مہینہ وار 11,095 ریال اور خواتین 10,289 ریال وصول کر رہی ہیں۔سعودی عرب میں تمام تر افراد (بشمول غیر مُلکی و مقامی اور مرد و خواتین) ماہانہ اوسط تنخواہ 6,210 ریال نوٹ کی گئی۔

(جاری ہے)

نجی شعبے میں سعودیوں کی ماہانہ تنخواہ 7,197 جبکہ غیر مُلکیوں کی تنخواہ 3,899 شمار کی گئی۔

50 سے 54 سال کی عمر کے افراد کی اوسطاً ماہانہ تنخواہ 14,251 ریال بنتی ہے جو کسی بھی دوسرے ایج گروپ کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔ 65 سال کی عمر سے زائد غیر مُلکی ملازموں کی ماہانہ اوسط تنخواہ 6,189 ریکارڈ کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مملکت میں 60 برس کی عمر سے زائد ملازمین کی تعداد تین لاکھ اکسٹھ ہزار ہے جن میں معمر غیر مُلکی کی گنتی تین لاکھ بیس ہزار ہے جو کہ معمر ملازمین کا 89 فیصد ہیں جبکہ سعودی معمر ملازمین کی گنتی 41,055 ہے جو کہ کُل معمر ملازمین کا 11فیصد قرار پائے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ چند سالوں سے مملکت میں غیر مُلکی افراد کے لیے ملازمتوں میں کمی لائی جا رہی ہے اور ان کی جگہ بہت سارے شعبوں میں سعودی افراد کو ملازمتیں دی جا رہی ہیں۔ جس کے باعث غیر مُلکیوں کی گنتی اور اوسط آمدنی کی شرح میں خاصی تبدیلی واقع ہوئی ہے۔