یو ای ٹی لاہورکے زیر اہتمام مشترکہ انٹری ٹیسٹ کل ہوگا،

50ہزار سے زائد امیدوار شرکت کریں گے یو ای ٹی مین کیمپس لاہورسمیت 13امتحانی مراکز پر انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی

ہفتہ 14 جولائی 2018 18:11

لاہور۔14جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2018ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہورکے زیر انتظام مشترکہ انٹری ٹیسٹ کل 15جولائی بروز اتوارصبح 10بجے ہوگا، جس میں 50ہزار سے زائد امیدوار شرکت کریںگے۔ اس مقصد کیلئے یو ای ٹی مین کیمپس لاہورسمیت 13امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں جن میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی مین کیمپس لاہور، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کالا شاہ کاکو کیمپس،یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیکسلا، انجینئرنگ کالج بہائوالدین ذکریا یونیورسٹی ملتان، NFC انسٹی ٹیوٹ برائے انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خانیوال روڈملتان،NFC انسٹی ٹیوٹ برائے انجینئرنگ اینڈ فرٹیلائزرریسرچ فیصل آباد، انجینئرنگ کالج اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور ، یونیورسٹی آف گجرات گجرات،انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد،گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی رسول، ڈاکٹراے ۔

(جاری ہے)

کیو خان انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میانوالی ، خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی رحیم یار خان،قائداظم کالج آف انجینئر نگ اینڈٹیکنالوجی ساہیوال شامل ہیں۔طلبہ و طالبات کو ہدایات دی جاتی ہیں کہ وہ امتحانی مرکز میں اپنے ایڈمٹ کارڈ جو کہ ویب سائٹ پر دستیاب ہے ، نادرا سے جاری کردہ بے فارم /اصل قومی شناختی کارڈ / پاسپورٹ / میٹرک / فرسٹ ایئر کا سرٹیفکیٹ /ڈومیسائل ،ایک عدد کلپ بورڈ اور ببل شیٹ کو حل کرنے کیلئے قلم / مارکر کے ہمراہ تشریف لائیں۔

اس کے علاوہ کیلکولیٹر،کتابیں،نوٹس،ربر، پنسل،سٹیپلر،موبائل فون اور ہینڈ بیگ ہال میں لیکر جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔انٹری ٹیسٹ کے حوالے سے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ جس میں امیدواران کے والدین کے بیٹھنے کیلئے یونیورسٹی میں مختلف جگہ خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ طلبہ و طالبات کی ٹیسٹ سنٹر تک رہنمائی کیلئے نا صرف امدادی ڈیسک قائم کئے گئے ہیں بلکہ داخلی اور خارجی راستوں کے حوالے سے نقشہ جات بھی آویزاں کر دیئے گئے ہیں۔

رواں سال بائیو میڈیکل انجینئرنگ اور بائیو میڈیکل ٹیکنالوجی جیسے مضامین نے انجینئرنگ کے طلبہ کے ساتھ ساتھ میڈیکل کے طلبہ و طالبات کی بھی بھر پور توجہ حاصل کی ہے۔ علاوہ ازیں ٹیسٹ کے نتائج کے بعد5اگست 2018کو--" اوپن ڈی" بھی منعقد ہوگا جس کا مقصد جامعہ اور اسکے شعبہ جات میں دستیاب مختلف سہولیات کے متعلق آگاہی اور طلبہ و طالبات کے ذہنی رجحان کے حوالے سے درست شعبہ کے انتخاب کے حوالے سے مدد فراہم کرنا ہے ۔