کراچی چیمبر کاانتخابی سرگرمیوں کے دوران دہشت گردی کے واقعات پر اظہار تشویش

قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سخت سے سخت حکمت عملی اپنانا چاہیے تاکہ ملک کے کسی بھی حصے میں دہشت گردی کا مزید کوئی واقعہ رونما نہ ہو ،چیئرمین بی ایم جی

ہفتہ 14 جولائی 2018 19:12

کراچی چیمبر کاانتخابی سرگرمیوں کے دوران دہشت گردی کے واقعات پر اظہار ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2018ء) بزنس مین گروپ ( بی ایم جی ) کے رہنماؤں اور کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( کے سی سی آئی) کے عہدیداروں نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں حالیہ دہشت گردی کے دو مختلف واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے جس میں 150سے ذائد افراد شہید ہوئے اور لگ بھگ200 زخمی ہوئے۔ بی ایم جی کے رہنماؤں اور کے سی سی آئی کے عہدیداران نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا ہے کہ ملک کے ہر کونے میں خاص طور پر انتخابی سرگرمیوں والے علاقے جنہیںباآسانی ہدف بنایا جارہاہے ان علاقوں میں سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں اور ملک بھر میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے سخت ترین حکمت عملی اختیار کی جائے ۔

ایک بیان میں چیئرمین بی ایم جی و سابق صدر کے سی سی آئی سراج قاسم تیلی،وائس چیئرمین بی ایم جی و سابق صدور کے سی سی آئی طاہر خالق، زبیر موتی والا،ہارون فاروقی، انجم نثار، کے سی سی آئی کے صدر مفسر عطاملک، سینئر نائب صدر عبدالباسط عبدالرزاق، نائب صدر ریحان حنیف نے زور دیتے ہوئے کہاکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سخت سے سخت حکمت عملی اپنانا چاہیے تاکہ ملک کے کسی بھی حصے میں دہشت گردی کا مزید کوئی واقعہ رونما نہ ہو کیونکہ 2013 سے اب تک کئی قربانیوں کے بعد ملک بھر میں امن بحال ہوسکا ہے جس کے نتیجے میں پاکستان کی امیچ بہتر ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

چیئر مین بی ایم جی و سابق صدر کے سی سی آئی سراج قاسم تیلی نے کہاکہ پاکستان ایک اہم موڑ پر کھڑا ہے جہاں غیر ملکیوں نے بالآخر دلچسپی کا مظاہرہ کرنا شروع کردیا ہے اور وہ سرمایہ کاری کے لیے پاکستان کادورہ بھی کررہے ہیں جبکہ کاروباری ماحول بھی بہتری ہوتی نظر آرہی ہے جو ریاست مخالف عناصر کو کسی صورت بھی برداشت نہیں لہٰذا ایسے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے کیونکہ ہم دوبارہ دہشت گردی اور بدمنی کے اندھیروں میں لوٹنے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔

انہوں نے کہاکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک کے کسی بھی حصے میں دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے سخت اقدامات عمل میںلائیں ۔ کراچی کی تاجروصنعتکار برادری ان کی بھرپور حمایت کرے گی کیونکہ ہمارے پیارے ملک کے دوسروں شہروں،قصبوں اوردیہاتوں کے لوگ بھی ہمیں بہت عزیز ہیں۔بی ایم جی کے رہنماؤں اور کے سی سی آئی کے عہدیدران نے بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار نوابزادہ سراج رئیسانی اور عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار ہارون بلور سمیت درجنوں معصوم افراد کی شہادت پر گہرے رنجم و غم کا اظہار کیا جو بلوچستان اور خیبر ہختونخوا میں دہشت گردی کے دو مختلف واقعات میں شہید ہوئے۔

انہوں نے شہدا کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہوئے شہداء کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے شہدا کے اہل خانہ جنہوں نے ان المناک واقعات میں اپنے پیاروں کو کھو دیا ان سے بھوپور اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہاکہ کراچی کی پوری تاجروصنعتکار برادری ان کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ہم دکھ کی اس گھڑی میں بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔