انٹرڈویژن باکسنگ چیمپئن شپ لاہور میں ضلع راولپنڈی سے جیتنے والے 11کھلاڑیوں میں کیش انعامات تقسیم

کمشنر راولپنڈی کی جانب سے سلور میڈل جیتنے والے چار کھلاڑیوں جن میں ایلیٹ گرلز روما یوسف ، اسماء یونس ، افراء خان اور ایلیٹ کلاس سے خاور قیوم شامل ہیںکو 25 ، 25ہزار کے کیش پرائز دیئے گئے

ہفتہ 14 جولائی 2018 19:41

انٹرڈویژن باکسنگ چیمپئن شپ لاہور میں ضلع راولپنڈی سے جیتنے والے 11کھلاڑیوں ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جولائی2018ء) کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) سیف انجم نے انٹرڈویژن باکسنگ چیمپئن شپ لاہور میں ضلع راولپنڈی سے جیتنے والے 11کھلاڑیوں میں کیش انعامات تقسیم کئے - سلور میڈل جیتنے والے چار کھلاڑیوں جن میں ایلیٹ گرلز روما یوسف ، اسماء یونس ، افراء خان اور ایلیٹ کلاس سے خاور قیوم شامل ہیںکو 25 ، 25ہزار کے کیش پرائز دیئے گئے - برونز میڈل جیتنے والے سات کھلاڑیوں جن میں ایلیٹ کلاس میں ابراہیم اشفاق ، محمد نقیب ، یامین خان ، فراز احمد ، اعتزاز خالد اور یوتھ کلاس میں حمان حیدر، عبدالرحمن شامل ہیں - انہیں 12، 12ہزار کے کیش پرائز دیئے گئے -اس موقع پر کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) سیف انجم نے کہا کہ صوبے بھر میں کھیلوں کا فروغ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو ذہنی و جسمانی طور پر تندرست و توانا رکھنا ہے -انہوں نے کہا کہ صوبے میں مختلف سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر کے ساتھ ساتھ وقتا فوقتا مختلف کھیلوں کے مقابلے بھی کروائے جاتے ہیں- انہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں سے صحت مندانہ مقابلوں کی فزاء پروان چڑھتی ہے اور بہت کم وقت میں تیاری کرتے ہوئے سلور اور برونز میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑی امید دلاتے ہیں کہ وہ اگلی بار مزید محنت سے وہ گولڈ میڈل کا حق دار کہلاتے ہوئے اپنے ڈسٹرکٹ اور ڈویژن کا نام روش کریں گے -تقسیم انعامات کی یہ تقریب کمشنر آفس راولپنڈی میں ڈویژنل سپورٹس کمیٹی کے زیراہتمام منعقد ہوئی جس میں ملک وقار حسین ڈویژنل سپورٹس آفیسر، عبدالوحید بابر ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر راولپنڈی ، شفقت اللہ ڈویژنل کوچ راولپنڈی ، سعید احمد اسسٹنٹ ، عبدالجبار سیکریٹری ڈویژنل باکسنگ ایسوسی ایشن ،عثمان سعید اورانعامات جیتنے والے کھلاڑیوں نے شرکت کی -ڈویژنل سپورٹس آفیسر ملک وقار حسین نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحت مند جسم ہی صحت مند دماغ کا ضامن ہوتا ہے اور جسمانی صحت کے لئے کھیلوں کا فروغ انتہائی ضروری ہے - انہوں نے کہا کہ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں مشغول رکھنے کے لئے کرکٹ ، فٹبال اور دیگر کھیلوں کے لئے گراؤنڈ تعمیر کرکے انہیں سپورٹس کی طرف راغب کرتے ہوئے ان میں صحت مندانہ مقابلوں کی فضاء کو پروان چڑھا رہا ہے - باکسنگ چیمپئن شپ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس میں راولپنڈی ڈویژن کی بھرپور شرکت نے اس بات کو واضع کیا ہے کہ یہاں باکسنگ کے حوالے سے بہت ٹیلنٹ پایا جاتا ہے جسے نکھارنے کے لئے بھرپور مواقع فراہم کئے جائیں گے -