چوہدری شجاعت حسین نے بھی انتخابات کے انعقاد پر شکوک و شبہات کا اظہار کر دیا

الیکشن ہوتے ہیں یا نہیں معلوم نہیں، لیکن جو ہو رہا ہے یہ سب نہیں ہونا چاہئے: سربراہ مسلم لیگ ق

muhammad ali محمد علی ہفتہ 14 جولائی 2018 19:27

چوہدری شجاعت حسین نے بھی انتخابات کے انعقاد پر شکوک و شبہات کا اظہار ..
پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ الیکشن ہوتے ہیں یا نہیں معلوم نہیں لیکن جو ہو رہا ہے یہ سب نہیں ہونا چاہئے، مریم نواز کو ان کمروں میں رکھا گیا ہے جو دو کمرے محترمہ بینظیر بھٹو کیلئے تیار کیے گئے تھے۔ہفتہ کو پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین بلور ہاؤس پشاور پہنچے اور بیرسٹر ہارون بلور کی شہادت پر غمزدہ فیملی سے تعزیت کی جن میں غلام احمد بلور، الیاس بلور اور دانیال بلور بھی شامل ہیں۔

اس موقع پر جاوید نسیم بھی موجود تھے۔ بعد ازاں میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ سنا ہے نوازشریف کو اڈیالہ جیل کے اے بلاک کے احاطہ میں رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ پشاور میں صرف تعزیت کیلئے آئے ہیں انہیں بیرسٹر ہارون بلور کی شہادت کا بہت دکھ ہے، ہم غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور ان کیلئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔

میڈیا کے اس سوال پر کہ الیکشن ہوتے ہیں یا نہیں چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ الیکشن ہوتے ہیں یا نہیں مجھے اس کا نہیں معلوم البتہ یہ جو کچھ اس وقت ہو رہا ہے یہ سب نہیں ہونا چاہئے تھا۔ اس سوال پر کہ نوازشریف کو اڈیالہ جیل میں کیسے رکھنے کی اطلاع ہے تو انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل کے اے بلاک کے اس احاطہ میں 11-12 مختلف سیل ہیں جس سیل میں انہیں مبینہ طور پر رکھا گیا ہے میں بھی اسی سیل میں رہا اور یوسف رضا گیلانی بھی اسی سیل میں تھے جبکہ کیپٹن صفدر کو سی کلاس میں نہیں بلکہ اسی احاطے میں ایک علیحدہ سیل میں رکھنے کا معلوم ہوا ہے جیسا کہ چودھری پرویزالٰہی بھی ان ہی میں سے ایک سیل میں رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کو ان کے سامنے لیڈیز بلاک کے ان کمروں میں رکھا گیا ہے جو دو کمرے محترمہ بینظیر بھٹو کیلئے تیار کیے گئے تھے۔