کالی آندھی کی آخری ٹیسٹ میں گرفت مضبوط،بنگلہ دیشی ٹیم پہلی اننگز میں 149رنز پر ڈھیر

بنگلہ دیش کی5کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام، جیسن ہولڈر کی 5 وکٹیں ویسٹ انڈیز نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 19رنز بنا کر مجموعی طور پر 224رنز کی برتری حاصل کر لی

ہفتہ 14 جولائی 2018 20:26

کالی آندھی کی آخری ٹیسٹ میں گرفت مضبوط،بنگلہ دیشی ٹیم پہلی اننگز ..
کنگسٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جولائی2018ء) جیسن ہولڈر کی تباہ کن بائولنگ کی بدولت کالی آندھی کی بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں پوزیشن مستحکم ہو گئی، بنگلہ دیشی ٹیم پہلی اننگز میں 149 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، جیسن ہولڈر نے نپی تلی بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کے بلے بازوں کو وکٹ پر جم کر کھیلنے کا موقع نہ دیا، 5 کھلاڑی دوہرا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہے جن میں سے 4 کھلاڑی بغیر کوئی رن بنائے آئوٹ ہوئے، ہولڈر نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جواب میں کالی آندھی نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 19 رنز بنا کر مجموعی طور پر 224 رنز کی برتری حاصل کر لی۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو کنگسٹن ٹیسٹ کے دوسرے روز میزبان ویسٹ انڈین ٹیم نے 295 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر پہلی ادھوری اننگز دوبارہ شروع کی تو ہٹمائر 84 اور روسٹن چیس 16 رنز پر کھیل رہے تھے، دن کے تیسرے ہی اوور میں ابوجاوید نے ہٹمائر کو آئوٹ کر کے ٹیم کو اہم کامیابی دلائی، ہٹمائر نے 86 رنز بنائے، روسٹن چیس 20 رنز بنا کر ابوجاوید کی گیند کا نشانہ بنے، اس کے بعد کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور پوری ٹیم 354 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی، شین ڈورچ 6، کیموپال اور میگل کمنز بغیر کوئی بنائے، شینن گبرائل 12 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، کپتان ہولڈر 33 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے، مہدی حسن میراز نے 5، ابوجاوید نے 3 اور تیجل اسلام نے 2 وکٹیں لیں، جواب میں بنگلہ دیشی ٹیم پہلی اننگز میں 149 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، مہمان بنگال ٹائیگرز کا کوئی بھی کھلاڑی متاثر کن کارکردگی کا مظاہر نہ کر سکا، تمیم اقبال 47، لٹن داس 12، مومن الحق، محموداللہ، نورالحسن اور ابوجاوید بغیر کوئی بنائے، کپتان شکیب الحسن 32، مشفق الرحیم 24، مہدی حسن میراز 3 اور تیجل اسلام 18 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے، جواب میں کالی آندھی نے دوسرے روز کھیل ختم ہونے تک اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ پر 19 رنز بنا کر مجموعی طور پر 224 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے، کریگ بریتھویٹ 8 رنز بنا کر چلتے بنے، ڈیوون سمتھ 8 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، شکیب الحسن نے ایک وکٹ لی۔

متعلقہ عنوان :