حکومت سندھ آصف علی زرداری کے خلاف مہم جوئی کا حصہ بننے سے گریز کرے،عامر فدا پراچا

ہفتہ 14 جولائی 2018 20:54

حکومت سندھ آصف علی زرداری کے خلاف مہم جوئی کا حصہ بننے سے گریز کرے،عامر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر آصف علی زرداری کے ترجمان عامر فدا پراچا نے حکومت سندھ کی طرف سے ذوالفقار مرزا اور ان کے خاندان کے سکیورٹی خدشات کے حوالے سے جاری ہونے والے خط کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے حکومت سندھ سے کہا ہے کہ وہ آصف علی زرداری کے خلاف مہم جوئی کا حصہ بننے سے گریز کریں۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں عامر فدا پراچا نے کہا کہ مذکورہ خط کے حوالے سے پاکستان پیپلزپارٹی کے الیکشن سیل کے انچارج سینیٹر تاج حیدر نے حکومت سندھ کو دو خط لکھے مگر تاحال نہ تو حکومت سندھ نے اپنے خط کی تصدیق کی اور نہ ہی کوئی تردید جو اس بات کی نشاندہی ہے کہ حکومت سندھ آصف علی زرداری کی کردار کشی کی مہم کا حصہ بن رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری جمہوریت پسند شخصیت ہیں۔ انہوں نے سیاست میں برداشت کے کلچر کو فروغ دیا ہے۔ عامر فدا پراچا نے کہا کہ ذوالفقار مرزا سستی شہرت حاصل کرنے کے لئے ڈرامہ کر رہے ہیں۔ جی ڈی اے عوام کی حمایت سے محروم ہے اس لئے وہ ٹولا آصف علی زرداری پر الزام تراشی کر رہا ہے۔