کوہاٹ کے مضافاتی علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 38مشتبہ افراد گرفتار

ہفتہ 14 جولائی 2018 21:20

کوہاٹ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2018ء) کوہاٹ کے مضافاتی علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 38مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔کاروائی میں بڑی تعداد میں خود کار اسلحہ ومنشیات اور مشکوک موٹر سائیکلیں بھی پکڑی گئی ہیں۔سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر عام انتخابات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے ضلعی پولیس سربراہ سہیل خالد نے شہر بھر میں مشکوک افراد کی کڑی نگرانی اور قانون شکن عناصر کی سرکوبی کیلئے پولیس حکام کو بھر پور سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن شروع کرنے کی جو ہدایات جاری کررکھی ہے اسکی عملداری کے سلسلے میں ڈی ایس پی صدر روخان زیب اور ایس ایچ او تھانہ گمبٹ امیر سلطان کی قیادت میںپولیس اور ایلیٹ فورس کی بھاری نفری نے ہفتے کی صبح تھانے کی علاقائی حدود کے مختلف علاقوں میں چھاپہ مار کاروائیوں اور گھر گھر تلاشی آپریشن کے نتیجے میں 16مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر انکے قبضے سے مجموعی طور پرایک کلاکوف، دو بندوق،ایک رائفل،چار پستول ،مختلف بور کے سینکڑوں کارتوس اور بغیر نمبر پلیٹ چھ مشکوک موٹر سائیکلیں برآمد کرلی ہیں۔

(جاری ہے)

آپریشن میں گرفتار مشتبہ افراد کو تھانہ گمبٹ لایا گیا جہاں انکے خلاف غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے جرم میں مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔ دریں اثناء بلی ٹنگ کے دور افتادہ علاقوں شادی خیل اور کمال خیل میں طویل سرچ آپریشن کے دوران 22مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ایس ایچ او تھانہ بلی ٹنگ طاہر نواز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ ہفتے کی صبح اچانک کاروائی کرتے ہوئے بلی ٹنگ کے دورافتادہ علاقوں شادی خیل اور کمال خیل کی آبادی کا محاصرہ کرتے ہوئے ٹارگٹڈ مقامات چھاپے مارے اور تلاشی آپریشن کا انعقاد کیا اور اس دوران 20مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔

ان علاقوں میںچھ گھنٹے مسلسل جاری تلاشی آپریشن کے دوران گرفتار افراد سے پولیس کوناجائز ہتھیار ،منشیات اور مشکوک موٹر سائیکلیںبھی ملے ہیں جن میں ایک کلاشنکوف،دو بندوق،دو رائفل، چار پستول ،مختلف بور کے سینکروں کارتوس،نو چارجرز،تین کلوگرام چرس اور بلا نمبر پلیٹ بیس مشکوک موٹر سائیکلیں شامل ہیں۔