ملک فیصلہ کن مرحلے سے گزر رہاہے ،سازشوں کا ڈٹ کرمقابلہ کرینگے ‘حمزہ شہبا ز

پشاور اور بنوں کے بعد مستونگ کا سانحہ دل سوز ہے ، نگران حکومت فرائض ادا کرے

ہفتہ 14 جولائی 2018 21:45

ملک فیصلہ کن مرحلے سے گزر رہاہے ،سازشوں کا ڈٹ کرمقابلہ کرینگے ‘حمزہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)کے مرکزی رہنما حمزہ شہبازنے کہاہے کہ ملک فیصلہ کن مرحلے سے گزررہاہے ،پشاور اور بنوں کے بعد مستونگ کا سانحہ انتہائی دل سوز ہے جس پر جتنا بھی دکھ کیا جائے کم ہے ،نگران حکومتوں اور اداروں کو اپنے فرائض ادا کرنے چاہئیں اور تمام سیاسی جماعتوں و کارکنوں کی سکیورٹی اور حفاظت کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جانا چاہیے ۔

(جاری ہے)

اپنے بیان میں حمزہ شہباز نے کہا کہ ایسے واقعا ت قومی سانحہ ہیں اور اس سے ہمیں ڈرایا یا جھکایا نہیں جاسکتا ، جمہوریت اور ترقی کے خلاف تمام سازشوں کاڈٹ کر مقابلہ کرینگے۔ حمزہ شہباز نے کہاکہ عوام کو ورغلانے کی کوششیں ناکام ہو گی اب تخریبی اور احتجاجی سیاست کرنے والوں کی کوئی بات نہیں سنے گا۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ پانچ برسوں میں وفاقی اور پنجاب حکومت کی شاندار کارکردگی سب کے سامنے ہے ،حقائق کو جھٹلایا نہیں جاسکتا ۔انہوں نے کہاکہ عوام 25جولائی کو اپنے ووٹ کے ذریعے ثابت کریں گے کہ اصل قیادت میاں نوازشریف اور میاں شہباز شریف کے پاس ہے ۔