بشپ جوزف کوٹس کا کارڈینل کا عہدہ ناصرف کرسچن کمیونٹی بلکہ پورے پاکستان کے لئے فخر کی بات ہے،سعید غنی

ہفتہ 14 جولائی 2018 21:50

بشپ جوزف کوٹس کا کارڈینل کا عہدہ ناصرف کرسچن کمیونٹی بلکہ پورے پاکستان ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جولائی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی، جنرل سیکریٹری سندھ وقار مہدی، نائب صدر سندھ راشد حسین ربانی اور سینیٹر انور لال ڈین سینٹ پیٹرک کیتھیڈرل چرچ کراچی پہنچے جہاں انہوں نے بشپ جوزف کوٹس کو کارڈینل بننے پر مبارک باد دی اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں سعید غنی کا کہنا تھا کہ بشپ جوزف کوٹس کا کارڈینل کا عہدہ ناصرف کرسچن کمیونٹی بلکہ پورے پاکستان کے لئے فخر کی بات ہے بہت جلد بلاول بھٹو زرداری بھی بشپ جوزف کوٹس کو مبارک باد دینے آئیں گے۔

سعید غنی کا مزید کہنا تھا کہ الیکشنز مہم کے دوران مسلم لیگ نون کے خلاف ہونے والا کریک ڈاؤن نگراں حکومت کے مینڈیٹ میں شامل نہیں۔۔ نگراں حکومت بلاول زرداری پر بھی مختلف پابندیاں لگارہی ہے۔پی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے کہا کہ ملک میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعات کی روک تھام کے بجائے نگراں حکومت سیاسی جماعتوں پر پابندیاں لگارہی ہے۔ پی پی رہنما نے نگراں حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے کہا کہ من پسند لیڈر اور اس کی جماعت کو کسی قسم کی پابندی کا سامنا نہیں جو سراسر امتیازی سلوک ہے۔#