Live Updates

کراچی ، ہم نے نئے پاکستان کے خواب پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا،عمران اسماعیل

ہفتہ 14 جولائی 2018 21:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جولائی2018ء) پی ٹی آئی کے سینئر مرکزی رہنما وحلقہ پی ایس 111کے نامزد امیدوارعمران اسماعیل نے علما یونیورسٹی میں الیکشن 2018ء سے متعلق ایک پروگرام میں شرکت کی۔اپنی گفتگو میں سینئر پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ چیئرمین عمران خان سے پہلی ملاقات میں ان سے میں نے کہا کہ مجھے شوکت خانم میموریل ہسپتال کے لیے کام کرنا ہے۔

عمران خان بچپن سے میرے ہیرو رہے ہیں۔ میں نے عمران خان کے ساتھ بہت وقت گزارا ہے۔ لوگ پی ٹی آئی کی کامیابی کو دیوانے کا خواب سمجھتے تھے۔ ہم نے نئے پاکستان کے خواب پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ چیئرمین عمران خان سب سے اونچی چیزوں کو ہاتھ لگانے کے عادی ہیں۔ اگر درخت لگانے ہیں تو ایک ارب اور اگر کسی کو بدعنوان ثابت کرنا ہے تو نواز شریف۔

(جاری ہے)

وہ چھوٹے ہدف نہیں بناتے۔ پچاس لاکھ گھروں کا ہدف بہت بڑا ہے، لیکن عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کرسکتی ہے۔ اگر آپ اپنا ہدف چھوڑ کر چھوٹی موٹی باتوں میں لگ جائیں تو ہدف پورا نہیں کرسکتے۔ عمران خان اپنے ہدف پر توجہ مرکوز رکھتے ہیں۔ ڈائریکٹر او آر آئی سی ڈاکٹر امتیاز سبحانی نے بھی اس موقعے پر خطاب کیا اور کہا کہ زندگی گزارنے کے لیے ایک مقصد کا ہونا ضروری ہے۔

زندگی میں کبھی جھوٹ نہیں بولنا چاہئے۔ سچ بولنے والوں کو یقینا کامیابی عطا ہوتی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل نے کہا کہ شوکت خانم ہسپتال میں عمران اسماعیل تو کیا، عمران خان کی پرچی بھی نہیں چلتی۔ نوجوان نسل پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ کرے گی۔ ن لیگ کا راستہ جنگل کے قانون کی طرف جاتا ہے۔ تحریک انصاف قائد اعظم کا پاکستان چاہتی ہے۔

کراچی کو پانی فراہم کرنے اور کچرہ اٹھانے والا کوئی نہیں ملا۔ ہم کراچی کو پیرس نہیں بنانا چاہتے، کراچی کراچی ہی ٹھیک ہے۔ میں نے کراچی کی سڑکوں کو دھلتے ہوئے دیکھا ہے۔ پورے ملک کے لوگ چھٹیاں منانے کراچی آتے تھے۔ ہمیں ہمارا کراچی واپس چاہئے۔ ایک اورسوال کے جواب میں ڈاکٹر امتیاز سبحانی نے کہا ملک کا نصاب وہ چلا رہے ہیں جنہوں نے تعلیم کا ستیاناس کردیا۔

آپ ڈگریاں لے کر انڈسٹری کے پاس جاتے ہیں اور وہ کسی کام کی نہیں نکلتیں۔ ہمیں انڈسٹری میں جیسے لوگ چاہئیں، یقین جانئے وہ نہیں ملتے۔ لوگ کہتے ہیں ملازمت نہیں، ہم کہتے ہیں ملازمت ہے، لیکن لوگ نہیں ملتے جو ملازمت کرسکیں۔ جو نصاب پڑھایا جارہا ہے وہ کسی کام کا نہیں۔ ایک سوال کے جواب میں عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ آپ کو تھانے جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، ہم ایف آئی آر بھی گھر گھر پہنچائیں گے۔ ہمارے چیف منسٹر کو اختیار نہیں کہ کسی ایس ایچ او کو ٹرانسفر کرسکے۔ اس کا فیصلہ پولیس بورڈ کرے گا۔ خیبر پختونخواہ میں جو کام ہوا ہے، تحریک انصاف کو اس پر فخر ہے۔#
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات