رافیل نڈال کو شکست، نوویک جوکووچ ومبلڈن اوپن ٹینس مینز سنگلز فائنل میں پہنچ گئے

ہفتہ 14 جولائی 2018 23:06

رافیل نڈال کو شکست، نوویک جوکووچ ومبلڈن اوپن ٹینس مینز سنگلز فائنل ..
لندن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2018ء) سٹار سربین کھلاڑی اور سابق عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ سال کے تیسرے گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ ومبلڈن اوپن مینز سنگلز فائنل میں پہنچ گئے، جوکووچ نے سیمی فائنل میں عالمی نمبر ایک رافیل نڈال کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد شکست دے کر 2015ء کے بعد پہلی مرتبہ ومبلڈن اوپن فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔

(جاری ہے)

لندن میں جاری میگا ایونٹ میں کھیلے گئے مینز سنگلز سیمی فائنل میں جوکووچ اور نڈال کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو آیا تاہم اعصاب کی جنگ میں قسمت نے جوکووچ کا ساتھ دیا اور انہوں نے نڈال کو 5 گھنٹے اور 16 منٹس تک جاری رہنے والے مقابلے کے بعد 3-2 سیٹس سے ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، جوکووچ کی جیت کا سکور 6-4، 3-6، 7-6، (11-9)، 3-6 اور 10-8 رہا۔ جوکووچ کو فائنل میں جنوبی افریقن کھلاڑی کیون اینڈرسن کا چیلنج درپیش ہو گا، جنہوں نے سیمی فائنل میں امریکہ کے جان اسنر کو کانٹے دار مقابلے کے بعد 3-2 سیٹس سے ہرایا تھا، اینڈرسن اور اسنر کے درمیان سیمی فائنل ومبلڈن تاریخ کا طویل ترین سیمی فائنل میچ تھا جو کہ 6 گھنٹے اور 35 منٹس تک جاری رہا تھا۔

متعلقہ عنوان :