جیل جانے کے بعد مریم نواز نے کارکنوں کے نام پہلا پیغام جاری کردیا

میں اپنی والدہ کی بیماری کے باجود قانون کے آگے سر جھکانے کیلئے واپس آگئی ہوں، اب آپ کی باری ہے، گھروں سے نکلیں اس جنگ میں ہمارا ساتھ دیں: سابق وزیراعظم کی صاحبزادی کا پیغام

muhammad ali محمد علی ہفتہ 14 جولائی 2018 22:32

جیل جانے کے بعد مریم نواز نے کارکنوں کے نام پہلا پیغام جاری کردیا
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 جولائی2018ء) جیل جانے کے بعد مریم نواز نے کارکنوں کے نام پہلا پیغام جاری کردیا، سابق وزیراعظم کی صاحبزادی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں اپنی والدہ کی بیماری کے باجود قانون کے آگے سر جھکانے کیلئے واپس آگئی ہوں، اب آپ کی باری ہے، گھروں سے نکلیں اس جنگ میں ہمارا ساتھ دیں۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کے روز سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔

نواز شریف اور مریم نواز کی اتحاد ائیرویز کی پرواز کے ذریعے لاہور کے علامہ اقبال ائیرپورٹ آمد ہوئی تھی۔ بعد ازاں نیب ٹیم اور رینجرز اہلکاروں نے طیارے میں داخل ہوکر نواز شریف اور مریم نواز کو گرفتار کر لیا تھا۔ نواز شریف کو رینجرز اہلکاروں نے حراست میں لیا جب کہ مریم نواز کو خواتین اہلکاروں نے گرفتار کیا تھا۔

(جاری ہے)

نواز شریف اور مریم نواز کی گرفتاری امیگریشن کے بعد عمل میں لائی گئی۔

نیب کی 16رکنی ٹیم ڈی جی نیب لاہور سلیم شہزاد کی سربراہی میں انہیں گرفتار کرنے کیلئے پہلے سے ایئرپورٹ پر موجود تھی جبکہ امیگریشن کی نگرانی کیلئے ڈائریکٹر ایف آئی پنجاب ڈاکٹر عثمان بھی ہوائی اڈے پر موجود تھے۔ دوسری جانب اس موقع پر ایئرپورٹ کے گردونواح میں سخت سیکیورٹی انتظامات کیلئے گئے اور ایئرپورٹ کو رینجرز نے اپنے کنٹرول میں لے رکھا تھا۔

گرفتاری کے بعد نواز شریف اور مریم نواز کو رات گئے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا تھا۔ اب اڈیالہ جیل جانے کے بعد مریم نواز نے کارکنوں کے نام خصوصی پیغام جاری کردیا ہے۔ اپنے پیغام میں مریم نواز کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے اپنا فرض نبھا دیا اب آپ کی باری ہے ۔ اپنی والدہ کی بیماری کے باجود قانون کے آگے سر جھکانے کیلئے واپس آگئی ہوں، اب آپ کی باری ہے، گھروں سے نکلیں اس جنگ میں ہمارا ساتھ دیں۔

گھروں سے نکلیں اور اپنی اس بیٹی کا ساتھ دیں۔ 25 جولائی کو مریم نواز آپ کی بیٹی ایک حلقے سے نہیں بلکہ 272 حلقوں سے الیکشن لڑے گی۔ اب آپ نے 25 جولائی کو گھروں سے نکل کر اپنے ووٹ کی طاقت سے اس جنگ میں مسلم لیگ ن کو فتحیاب کروانا ہے۔ ووٹ کو تقدس دو کی جو جنگ نواز شریف نے شروع کی ہے، اس جنگ میں اب آپ نے اپنے قائد اور قوم کی بیٹی کا بھرپور ساتھ دینا ہے۔ 25 جولائی کو گھروں سے باہر نکلیں اور شیر کے نشان پر ٹھپہ لگا کر ہمیں اس مقصد میں کامیاب کروائیں۔ یہاں یہ بات واضح رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں نیب عدالت کی جانب سے نوازشریف کو 12سال اور مریم نواز8سال قید کی سزا سنائی گئی تھی ۔